اراکین پنجاب اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری ایک رکن کے اکاؤنٹ میں 217 روپے

علیم خان ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک نکلے

علیم خان ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک نکلے

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

الیکشن کمیشن نے ارکان پنجاب اسمبلی کے مالی گوشوارے جاری کردیے جس کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار 8 کروڑ 45 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ ان کے نام دو لگژری گاڑیاں اور چار ٹریکٹر ہیں اور 20 تولے سونا بھی ہے، تاہم ان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں۔

علیم خان ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک نکلے تاہم ان کے ذمہ 74 کروڑ سے زائد رقم بھی واجب الادا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی 22 کروڑ سے زائد، صوبائی وزیر راجہ بشارت دو کروڑ 93 لاکھ سے زائد، صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ 11 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

پی ٹی آئی کے اعجاز خان جازی کے اثاثے صرف دو لاکھ 74 ہزار ہیں، ان کے پاس نہ گاڑی نہ زیورات ہیں اور ان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار بھی نہیں۔


صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے پاس راولپنڈی میں 9 مرلے کا وراثتی گھر ہے جس کی قیمت تقریباً ساٹھ لاکھ بتائی ہے۔ ان کے پاس راولپنڈی میں چار مرلے کا پلاٹ اور دو لاکھ کا فرنیچر ہے جبکہ اکاؤنٹ میں13 لاکھ 38 ہزار آٹھ سو پانچ روپے موجود ہیں۔ ان کی جانب سے 64 لاکھ 56 ہزار 718 روپے کی ناقابل واپسی رقم منتقل کی گئی ہے۔

حمزہ شہباز کے اثاثوں کی مالیت 41 کروڑ سے زائد، احمد خان 5 کروڑ، میاں مجتبی شجاع الرحمان 13 کروڑ اور رانا مشہود 5 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

سب سے غریب رکن پنجاب اسمبلی ساجدہ یوسف نکلیں جن کے بینک اکاؤنٹ میں صرف 217 روپے ہیں۔ ان کے پاس نہ تو کوئی گاڑی ہے نہ زیور جبکہ اندرون ملک اور بیرون ملک کوئی پراپرٹی موجود نہیں۔

ن لیگ کے سلمان رفیق 8 کروڑ، میاں محمود الرشید 19 کروڑ اور یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی 1 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
Load Next Story