شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام شہریوں کو مشکلات

دفاتر سے گھروں کو واپس جانے والے انتہائی تاخیر سے گھروں کو پہنچے، ایمبولینسیں بھی ٹریفک جام میں پھنسی رہیں

میٹرو پول ہوٹل کے اطراف میں ٹریفک جام ہونے سے ہزاروں گاڑیاںپھنسی ہوئی ہیں جبکہ شہر کی بیشتر شاہراہوں پر ٹریفک جام رہا(فوٹو ایکسپریس)

شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام کے باعث شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔

جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، ٹریفک پولیس کے اہلکار سڑکوں سے غائب رہے، شہری بے یارومددگارسڑکوں پر کھڑے رہے،تفصیلات کے مطابق پیر کی شام شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس کی وجہ سے شہر کی تقریبا ہر شاہراہ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، ماڑی پور روڈ پر پولیس کی جانب سے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ بھی سرشام ہی شروع ہوگئی جس کی وجہ سے ماڑی پور روڈ ، میری ویدر ٹاور ،ایم ٹی خان روڈ اور متصل دیگر شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، دوسری جانب نمائش چورنگی کے اطراف کی متعدد سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ، ٹریفک کو متبادل روٹس پر موڑا گیا لیکن روانی بحال نہ ہوسکی ، میری ویدر ٹاور ، جامع کلاتھ ، ڈینسو ہال ، بولٹن مارکیٹ ، برنس روڈ ، فریسکو چوک ، صدر ، پریڈی اسٹریٹ ،نیو پریڈی اسٹریٹ ، ریگل چوک ،




ایمپریس مارکیٹ ، آئی آئی چندریگر روڈ ، شاہین کمپلیکس ، فوارہ چوک ، گرومندر ، تین ہٹی ، لیاقت آباد ڈاکخانہ ، لیاقت آباد دس نمبر ، کریم آباد ، عائشہ منزل ، واٹر پمپ ، سہراب گوٹھ ، لسبیلہ ، گولیمار چورنگی ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، ایم ٹی خان روڈ ، پی آئی ڈی سی ، پنجاب چورنگی ، بوٹ بیسن ، ڈیفنس ، کلفٹن ، شارع فیصل ، میٹروپول ، ریجنٹ پلازہ ، ایف ٹی سی ، نرسری ، ٹیپو سلطان ، کارساز ، ڈرگ روڈ ، ناتھا خان ، اسٹار گیٹ ، ملیر ہالٹ اور ملیر پندرہ سمیت شہر کی کوئی شاہراہ ایسی نہیں تھی جہاں گاڑیوں کی طویل قطاریں نہ لگی ہوئی ہوں ، شام کو دفاتر سے گھروں کو واپس جانے والے افراد کو بھی دقت کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک جام کے باعث انتہائی تاخیر سے گھروں کو پہنچے ، ٹریفک جام میں بیشتر شاہراہوں پر ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں جن میں موجود مریض طبی امداد کے لیے تڑپتے رہے ، پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی حالت بھی غیر ہوگئی ، کئی مسافر پیدل ہی اپنی منزل مقصود کی جانب چل پڑے ، متعدد مقامات پر گاڑیوں میں ایندھن بھی ختم ہوگیا ، ٹریفک جام کی صورتحال کے دوران گزشتہ روز بھی ہمیشہ کی طرح ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار سڑکوں سے یکسر غائب رہے اور شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک جام کی صورتحال پر قابو پایا ۔
Load Next Story