احتجاج رنگ لے آیا15 معذورین کو ملازمتیں مل گئیں

6ماہ کے کنٹریکٹ پر ضلع کونسل اور ادارہ ترقیات حیدرآباد میں نوکریاں دی گئیں


Numainda Express December 24, 2013
صوبائی وزیر نے5معذورین کو ضلع کونسل میں جب کہ10 کو ادارہ ترقیات حیدرآباد میں 6ماہ کے کنٹریکٹ پر ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ فوٹو : عدیل احمد / ایکسپریس

حیدرآباد کے معذورین کا 2 فیصد کوٹے کے تحت ملازمتوں کے حصول کے لیے احتجاج رنگ لے آیا ہے اور صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کے حکم پر15 معذورین کو 6ماہ کے کنٹریکٹ پر ضلع کونسل اور ادارہ ترقیات حیدرآباد میں ملازمتوں کے آرڈر تیار کر لیے گئے ۔

جس میں سے 5آرڈر معذورین کے حوالے کردیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کی پیر کے روز سول لائن میں واقع رہائشگاہ آمد کے موقع پر معذورین نے انکے گھر کے سامنے احتجاج کیا جس کے بعد شرجیل انعام میمن نے15 معذورین کو کنٹریکٹ پر ملازمت دینے کی یقین دہانی کرائی اور پیر کے روز آرڈرز دینے کا وعدہ کیا۔



معذورین کی تنظیم کے صدر محمد رفیق راجپوت نے ایکسپریس کو بتایا کہ صوبائی وزیر نے5معذورین کو ضلع کونسل میں جب کہ10 کو ادارہ ترقیات حیدرآباد میں 6ماہ کے کنٹریکٹ پر ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا تھا اور پیر کی شپ 2خواتین سمیت5 معذورین کو ضلع کونسل میں جونیئر کلرک اور نائب قاصد کی اسامی پر تقرری کے لیٹر مل گئے ہیں جبکہ ادارہ ترقیات حیدرآباد میں10معذورین کو ملازمتیں دینے کے تقرری لیٹر بھی تیار ہیں لیکن ایچ ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل کے ان پر دستخط ہونا باقی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ملازمتوں کے جو آرڈ دیے گئے ہیں اس میں کنٹریکٹ کی مدت16 دسمبر سے30 جون 2014 تک کی ہے اور صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 6 ماہ بعد وہ تمام ملازمین کو مستقل کرادیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں