بینکوں سے معاف کرائے گئے قرضوں کا ریکارڈ رکھنے کی مدت 10سال مقرر


پہلے اسٹیٹ بینک کے ای سی آئی بی میں ریکارڈ رکھنے کی مدت 15 سال تھی
کارپوریٹ اداروں کے بینکوں سے معاف کرائے گئے قرضوں کا ریکارڈ اسٹیٹ بینک کے الیکٹرانک کریڈٹ انفارمیشن بیورو ( ای سی آئی بی ) میں رکھنے کی مدت 15سال سے کم کر کے 10کردی گئی ہے۔
ای سی آئی بی میں بینکوں کے قرض گیروں کے گذشتہ لین دین کی معلومات کا ریکارڈرکھا جاتا ہے، اور بینک اور مالی ادارے ان معلومات کو قرض گیروں کی ساکھ کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ایک عام تاثر یہ رہا ہے کہ منفی ریکارڈ؍ معاف کیے گئے قرضے کو طویل عرصے تک زیرِ غور رکھنا قرض گیروں کو اپنے نئے آغاز سے محروم کرتا ہے اور اس طرح وہ (قرضہ قلم زد ؍ معاف کیے جانے کے بعد) قرضے تک رسائی سے طویل عرصے کے لیے دور ہو جاتے ہیں خواہ قرض گیر کی موجودہ مالی کارکردگی کچھ بھی ہو اور اس کی دیگر معلومات سازگار ہوں۔