سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج

دستگیر برادرز نے سرکاری زمین پر قبضہ کرکے پیٹرول پمپ چلایا اور خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا


طالب فریدی November 13, 2020
دستگیر برادرز نے سرکاری زمین پر قبضہ کرکے پیٹرول پمپ چلایا اور خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا

ڈپٹی کمشنر گجرانوالہ کی درخواست پر سابق وفاقی وزیر برائے دفاع خرم دستگیر کے والد اور سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان سمیت پانچ افراد کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں ایس ڈی او گجرانوالہ محکمہ ہائی وے اور تین ریکارڈ کیپرز بھی نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے کے مطابق دستگیر برادرز نے سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کرکے سالہا سال وہاں پیٹرول پمپ چلایا جس کی موجودہ مالیت تقریبا ایک ارب روپیہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے سرکاری خزانے کو لیز کے کرائے کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے پر ملزمان کے خلاف تادیبی کاروائی کے لئے ڈی جی اینٹی کرپشن کو مراسلہ ارسال کیا۔

دستگیر برادرز نے محکمہ ہائی وے کی 2 کنال 11 مرلہ زمین پر غیر قانونی طریقے سے پیٹرول پمپ قائم کیا جس کی لیز کی کوئی دستاویز دستگیر برادرز کے پاس نہیں ہے۔

غلام دستگیر خان نے محکمہ ہائی وے کے افسران و اہلکاروں کی ملی بھگت سے پٹرول پمپ کی لیز کا ریکارڈ گم کیا۔ سال 2018 میں حکومت کی جانب سے لیز کی مدت میں توسیع نہ دینے پر جی ٹی روڈ پر واقع اس پیٹرول پمپ کو گرا دیا گیا تھا۔

ملزمان سے تاوان کی وصولی کے لئے لیز کی دستاویزات کی چھان بین کے بعد حقیقی رقم کا تخمینہ لگایا جانا تھا۔ لیکن لیز کی دستاویزات کی گم شدگی اور عدم دستیابی کی وجہ سے مفاد کنندگان سے تاوان وصول نہ کیا جا سکا۔ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں