ماضی میں وفاقی حکومتوں کی عدم توجہ سے بلوچستان پیچھے رہ گیا وزیراعظم

بدقسمتی سے بلوچستان کے سیاستدانوں نے بھی عوام کا نہیں سوچا، وزیراعظم عمران خان  


ویب ڈیسک November 13, 2020
بدقسمتی سے بلوچستان کے سیاستدانوں نے بھی عوام کا نہیں سوچا، وزیراعظم عمران خان  

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاقی کی مضبوطی کے لیے تمام اکائیوں کی یکساں ترقی ضروری ہے۔

تربیت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تربت کے عوام پاکستان کا مستقبل ہیں، وفاقی کی مضبوطی کے لیے تمام اکائیوں کی یکساں ترقی ضروری ہے، بلوچستان پر سب سے زیادہ فنڈنگ کر رہے ہیں اور ہم بلوچستان کی ہر طرح سے مدد کریں گے کیوں کہ بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے یہ صوبہ پیچھے چلا گیا، بلوچستان میں کبھی بھی اتنی فنڈنگ نہیں ہوئی جتنی ہماری حکومت نے کی، انسانوں پر سرمایہ کاری کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، کامیابی کے حصول کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، برے وقت اور ناکامی کا سامنا کرنا اور سیکھنا چاہیے، انسان جب تک ہار نہیں مانتا اور ہر مشکل سے سیکھتا ہے، انسان کچھ بھی کرسکتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر کسی معاشرے نے ترقی نہیں کی، علم انسان کو دیگرمخلوقات سے منفرد بناتا ہے آج ہم پیچھے رہ گئے ہیں، اور جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں وہاں تعلیم بھی کم ہے، اب ٹیکنالوجی کے ذریعے دوردراز علاقوں میں بھی تعلیم حاصل کی جاسکتی ہے، کورونا کے دنوں میں ورچوئل تعلیم کا آغاز ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کئی سو سال تک دنیا کے بڑے سائنسدان مسلمان رہے، اللہ نے انسان کو طاقت دی ہے کہ وہ ہر خواب پورا کرسکتا ہے، طلبا کی تعلیم کیلئے ہر ممکن مدد کریں گے، طلبا میں تجزیہ کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے، پنجاب حکومت نے بلوچستان کیلئے تعلیمی اسکالرشپس بڑھانے کا اعلان کیا ہے اور 185 سے بڑھا کر 360 کررہے ہیں، پنجاب حکومت بلوچستان میں اسپتال بھی بنا رہی ہے۔

ایک اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی لوگوں نے ملک سے زیادہ اپنے آپ کو فائدہ پہنچایا، سابق وزرائے اعظم نے بلوچستان کے بجائے لندن کے زیادہ دورے کیے، ایک صدر نے بلوچستان سے زیادہ دبئی کے دورے کیے، وفاقی حکومتوں نے بلوچستان کا بہت کم سوچا اس لیے بلوچستان دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بلوچستان کے سیاستدانوں نے بھی عوام کا نہیں سوچا بلکہ وہ بھی صرف اپنا ہی سوچتے رہے لیکن ہم سب سے زیادہ زور بلوچستان کواوپراٹھانے پرلگائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں