بھارت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شورش کو ہوا دے رہا ہے وزیرخارجہ

بھارت نے سی پیک کو نشانہ بنانے کے لیے انٹیلی جنس سیل بنایا ہے جو مودی کی نگرانی میں کام کرتا ہے، شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک November 14, 2020
بھارت نے سی پیک کو نشانہ بنانے کے لیے انٹیلی جنس سیل بنایا ہے جو مودی کی نگرانی میں کام کرتا ہے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں شورش کوہوا دے رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایل او سی پر گزشتہ روز بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے، بھارت کی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے لارہے ہیں اوربھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کررہے ہیں، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریہ ہونے کی دعویدار بھارتی ریاست بدمعاش اسٹیٹ بن چکی ہے، بھارت دہشت گردی کی ریاستی سرپرستی اورپاکستان کو عدم استحکام کا شکار کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 4 شہری اور ایک جوان شہید، 17 زخمی

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہمارے پاس بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ناقابلِ تردید شواہد ہیں جو ڈوزیئر کی شکل میں قوم اور عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے، پشاور اور کوئٹہ میں دہشتگردی واقعات کی بھارت سے پشت پناہی ہے، ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار جیسی کالعدم تنظیموں کو اسلحہ دیا جا رہا ہے، ان کو بتایا گیا ہے کہ وہ علماء اور نمایاں شخصیات پر حملے کریں، پاکستان مخالف بلوچ تنظیموں کو بھی دباؤ ڈال کر اکٹھا کیا جارہا ہے، پاکستان میں نومبر اور دسمبر میں دہشت گردی کو بڑھانے کی اطلاعات ہیں، بڑے شہر کراچی، لاہور، پشاور اور دیگر میں دہشت گردی کرائی جائے گی، را اور پاکستان مخالف ایجنسیاں دہشت گردی بڑھا رہی ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مزید خاموش نہیں رہے گا، نائن الیون کے بعد پاکستان نے فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر بھاری قیمت اٹھائی ہے، 2001ء سے 2020ء تک 19 ہزار230 دہشت گردی کے حملے برداشت کئے 25 ہزار شہیدوں کے ساتھ 80 ہزار سے زائد متاثر ہوئے پاکستان کو 126 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا، پاکستان کو اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے کئی مواقع کھونے پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا دہشت گرد تنظیموں سے گٹھ جوڑ، پاکستان نے ڈوزیئر تیار کرلیا

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک کوسبوتاژکرنا بھارت کا واضح منصوبہ ہے، مصدقہ اطلاعات ہیں کہ انہوں نے سی پیک کو نشانہ بنانے کے لیے اپنی انٹیلی جنس ایجنسی میں ایک سیل بنایا ہے جو وزیراعظم مودی کی براہ راست نگرانی میں کام کرتا ہے، اس سیل کا مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا اور تاخیر کا شکار ہے، اس کام کے لیے اس سیل کو80 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں، اس کام کےلیے 700 افراد پر مشتمل ملیشیا بنائی گئی ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جو سب آپس میں مربوط ہیں، لیکن بھارت کو بتادینا چاہتا ہوں کہ سی پیک کی حفاظت کے لیے پاکستان تیار ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شورش کو ہوا دے رہا ہے، الیکشن سے قبل قوم پرستوں کے ذریعے تخریب کاری اور قوم پرستی کو ہوا دینے کی کوشش کی، الیکشن کے بعد بھی ان کے ارادے نیک نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں