احد رضامیر کو حقیقی فوجی سمجھنے پر پاکستانیوں کا بھارتیوں پر طنز
ہر کوئی جانتا ہے کہ بعض اوقات ہندو انتہا پسند پاکستان اور پاک فوج سے نفرت کرنے اور بھارت سے حب الوطنی ظاہر کرنے میں اتنے آگے بڑھ جاتے ہیں کہ انہیں صحیح اور غلط میں فرق ہی معلوم ہی نہیں ہوتا۔ کچھ ایسا ہی حال ہی میں ہوا جب چند بھارتی ٹوئٹر صارفین نے اداکار احد رضامیر کو حقیقی فوجی سمجھ کر اپنی فوج کے گن گانے شروع کردئیے۔
ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے بغیر کوئی جانچ پڑتال کیے پاکستانی اداکار احد رضامیر کی وردی میں ملبوس تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرائی اور انہیں پاک فوج کا حقیقی جوان سمجھتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ یہ پاک آرمی کے جوان کیپٹن صابر خان کی تصویر ہے جو وادی نیلم میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مارے گئے۔
احد رضامیر کی یہ تصویر ڈراما سیریل ''عہد وفا'' کی ہے جس میں انہوں نے پاک فوج کے جوان کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ کردار اور ڈراما شائقین میں بے حد پسند کیا گیا تھا۔
بھارتی صارف کی اتنی بڑی غلطی پر پاکستانیوں نے بھی انہیں نہیں چھوڑا اور ٹوئٹر پر ہی بھارتیوں کا خوب مذاق اڑایا۔ اطہر بخاری نامی صارف نے بھارتی ٹوئٹر ہینڈل کو جواب دیتے ہوئے کہا یہ پاکستانی اداکار احد رضامیر ہیں اور یہ تصویر ان کے ڈرامے ''عہد وفا'' کی ہے۔
فواد نامی شخص نے بھارتی صارف پر طنز کرتے ہوئے احد رضامیر کی ان کی اہلیہ سجل علی اور حرامانی کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لکھا کیپٹن صابر خان شہادت حاصل کرنے کے بعد حوروں کے ساتھ۔
ایک اور ٹوئٹر ہینڈل سے بھی احد رضامیر اور سجل علی کی تصویر اسی کیپشن کے ساتھ شیئر کرائی گئی۔
عثمان نامی شخص نے ڈراما سیریل ''عہد وفا'' کے ایک اور کردار میجر گلزار کی وردی میں ملبوس تصویر شیئر کرائی اور بھارتیوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کیپٹن صابر کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے ہم میجر گلزار کو بھیج رہے ہیں۔