ملتان سلطانز کو شکست لاہور قلندرز پہلی بار فائنل میں پہنچ گئی
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 5 کے ایلیمینیٹر ٹو میں 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 19.1 اوورز میں 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ذیشان اشرف 12 جب کہ ایڈم لیتھ نصف سینچری مکمل کرکے فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، شان مسعود 27، روی بوپارا ایک اور رائیلی روسو 18 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو صفر پر آؤٹ کیا جس پر انہوں نے احتراماً ان سے معافی بھی مانگی۔
بعد ازاں کمنٹیٹر نے جب ان سے سوال کیا کہ حارث آپ نے شاہد آفریدی سے معافی کیوں مانگی جس کا انہوں نےجواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سینئر کھلاڑی ہیں میں سوچ کر آیا تھا کہ جب شاہد بھائی کی وکٹ لوں گا تو یہ اسٹائل کروں گا۔
بوم بوم کے بعد سہیل تنویر 3 رنز اور عمران طاہر بھی ایک رن بنا کر چلتے بنے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی اور دلبر حسین نے 2، 2 اور حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے لاہورقلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا تاہم قلندرز کی پہلی وکٹ 46 رنز پر گری جس میں تمیم اقبال 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد سہیل اختر آئے اور محض 5 رنز بنانے کے بعد رائیلی روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سہیل اختر کے بعد محمد حفیظ میدان میں آئے، انہوں نے اور فخر زمان نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا تاہم وہ بڑی شراکت داری قائم نہ کر سکے اور 94 کے مجموعے پر محمد حفیظ 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد فخر زمان بھی 46 رنز پر لیتھ کی بال پر سہیل تنویر کو کیچ دے بیٹھے۔
لاہور قلندرز کے بین ڈنک کا ڈنکا بھی نہ بج سکا اور وہ بھی محض 3 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد سمت پیٹل نے 26 رنز بنائے اور ڈیوڈ ویزے 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
قلندرز نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 182 رنز اسکور کیے اور مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا جو وہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے 2 جب کہ لیتھ، سہیل تنویر، محمد الیاس اور جنید خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ فائیو کو 40 میچز کے بعد ادھورا چھوڑنا پڑا تھا، 8 ماہ بعد ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ 17 نومبر کو فائنل کی صورت میں ہوگا جس میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز مد مقابل ہوں گے۔