لنکا پریمیئر لیگ چھوڑنا محمد حفیظ کو مہنگا پڑ گیا

1کروڑ کا نقصان،بورڈ نے لیگ یا قومی ٹیم میں سے ایک کے انتخاب کاآپشن دیا


Saleem Khaliq November 16, 2020
سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم کرکٹرکوسی کیٹیگری پلیئرکے مساوی معاوضہ ملے گا (فوٹو، فائل)

لنکا پریمیئر لیگ چھوڑنا محمد حفیظ کو مہنگا پڑ گیا، انھیں تقریباً ایک کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

محمد حفیظ کا لنکا پریمیئر لیگ کیلیے کولمبو کنگز سے معاہدہ تقریباً طے ہو گیا تھا،منتظمین نے دستبردار ہونے والے جنوبی افریقی اسٹار فاف ڈوپلیسی کی جگہ ان سے رابطہ کیا، آل راؤنڈر کو تقریباً ایک کروڑ پاکستانی روپے کے مساوی رقم ملتی۔

ذرائع کے مطابق انھوں نے اجازت کیلیے پی سی بی سے رابطہ کیا تو ان سے کہا گیا کہ دورۂ نیوزی لینڈ کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکے گا،وہاں قرنطینہ کا دورانیہ گذارنا ضروری ہے، حفیظ نے جب یہ کہا کہ وہ چند میچز کھیل کر سری لنکا سے قومی ٹیم کو کیویز کے دیس میں جوائن کر لیں گے تو ان سے کہا گیا کہ وہ پاکستانی ٹیم یا لنکا لیگ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر لیں، اس پر انھوں نے ایل پی ایل منتظمین سے معذرت کر لی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد حفیظ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں، دورۂ انگلینڈ میں گرین شرٹس کی نمائندگی پر انھیں سی کیٹیگری کے حامل کرکٹر کے برابر2 لاکھ 2 ہزار 950 روپے فی میچ ادائیگی ہوئی، انھوں نے تین ٹی ٹوئنٹی میں 155 کی اوسط سے اتنے ہی رنز بنا کر پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد حفیظ نے دوسرے میچ میں 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تیسرے مقابلے میں ناقابل شکست 86 رنز بنا کر گرین شرٹس کی 5 رنز سے فتح میں اہم کردار نبھایا تھا،اس دوران انھیں کیریبیئن لیگ سے اپنا معاہدہ ختم کرنے کی وجہ سے تقریباً سوا کروڑ روپے گنوانا پڑے تھے، مسلسل عمدہ کارکردگی کے باوجود پی سی بی انھیں سینٹرل کنٹریکٹ دینے سے گریزاں ہے، دوسری جانب دیگر کئی کرکٹرز ایک کیٹیگری کے میچز کھیلنے پر بھی معاہدہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ 26 نومبر سے 16 دسمبر تک ہوگی جبکہ پاکستان کا نیوزی لینڈ سے پہلا ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل 18 دسمبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں