راولپنڈی کے راجا بازارکے قریب فائرنگ سے 5 افراد زخمی مشتعل مظاہرین کا پولیس پر پتھراؤ

واقعے کے بعد راجا بازار کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی جب کہ فوج اور رینجرز کے دستوں کا بھی گشت جاری ہے


ویب ڈیسک December 24, 2013
عاشورہ کے روز راولپنڈی کے راجہ بازار میں ہی دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

راجا بازار کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی سے راجا بازار جانے والی سڑک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے احتجاج کرتےہوئے پولیس چوکی پر پتھراؤ شروع کردیا، اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم پولیس نے مظاہرین کو ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کے ذریعے منتشر کردیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کےلئے ڈی ایچ کیو اور بے نظیر اسپتال منتقل کردیا۔

واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے راجا بازار کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی جب کہ فوج اور رینجرز کے دستوں کا بھی گشت جاری ہے، چہلم شہدا کربلا کے موقع پر راولپنڈی میں 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جاسکتے۔

واضح رہے کہ عاشورہ کے روز راولپنڈی کے راجہ بازار میں ہی دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے جب کہ اس دوران شر پسند عناصر نے راجا بازار کی سیکڑوں دکانوں کو بھی آگ لگا دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں