بھارت کے ساتھ دیرپا امن کے خواہاں ہیں صدر زرداری

بھارت پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے, ایس ایم کرشنا

صدر آصف علی زرداری اور بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کی ملاقات کا ایک منظر۔ فوٹو: آئی این پی

صدرآصف علی زرداری نے بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا سے ملاقات کے دوران کہا ہےکہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان امن واستحکام کا خواہاں ہے اورخطے میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے دونوں ممالک کو تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہیے۔


صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ صدر آصف زرداری نے کھا ہے کہ دونوں ممالک کو اپنا ماضی بھلا کر مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔


صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے لہٰذا دونوں ممالک کو اس کے خلاف متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔



بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش رکھتا ہےاور مشترکہ چیلنجوں اورمسائل کے حل کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔


اس سے پہلے وزیراعظم راجہ پرویزاشرف سے بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا نے ملاقات میں باہمی تعلقات کومضبوط بنیادوں پراستوار کرنے اور دیگر مسائل پر بات چیت کرنے پر زور دیا۔


پاک بھارت سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کے حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات مثبت رہے اور ویزے کے حوالے سے مزید بات چیت وزرائے خارجہ کے کل ہونے والے اجلاس میں ہوگی۔


انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان موجود مسائل کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔


 

Recommended Stories

Load Next Story