پاکستان اور ترکی کا تجارت معیشت کھیل اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں تعاون پر اتفاق

دونوں ممالک نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خاتمے کے لئے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اعلامیہ

دونوں ممالک آئندہ سال سے دفاع اور دفاعی پیداوار میں تعاون کو بھی مزید فروغ دیں گے، اعلامیہ فوٹو: آئی این پی

پاکستان اور ترکی نے تجارت، معیشت، کھیل اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف اور ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردوان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے اعظم نے ملاقات میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ دونوں ممالک نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خاتمے کے لئے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔


اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جمہوریت کے استحکام اور تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اور اس حوالے سے آئندہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں تجارتی معاہدے ''پی ٹی اے'' پر عملدرآمد کیا جائے گا جبکہ دونوں ملک اگلے سال سے دفاع اور دفاعی پیداوار میں تعاون کو بھی مزید فروغ دیں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف اور ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان کے درمیان وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی تجارت کو فروغ دینے کے علاوہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا۔
Load Next Story