جب تک جعلی حکومت سروں پر سوار ہے ملک نہیں چل سکتا مریم نواز

وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف واپس آکر ملک کے چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے، نائب صدر مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک November 18, 2020
عوام جان لیں جب تک جعلی حکومت ہے مہنگائی کم نہیں ہوسکتی، نائب صدر مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو : فائل

LONDON: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام جان لیں جب تک جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے ملک نہیں چل سکتا۔

مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہت خوشی ہے کہ پاکستان میں جہاں جلسہ میں جاؤں نوجوانوں کی بڑی تعداد نظر آتی ہے، ہزارہ کے عوام سے نبھانے والی محبت کی سزا نواز شریف اور ان کی پارٹی بھگت رہی ہے، کیا نواز شریف کا پاکستان اچھا تھا یا یہ ووٹ چور کا پاکستان بہتر ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس نے پورے پاکستان میں ایک اینٹ نہیں لگائی اور ووٹ چوری کرکے لے گیا آج وہ ہزارہ موٹروے پر اپنی تختی لگاکر چلاگیا ہے، جو وعدے کیے گئے تھے لوگوں سے، آج پوچھا جائے تو کہتا ہے کہ بٹن نہیں جو وعدے پورے کردوں، عوام جان لیں جب تک جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے، ملک نہیں چل سکتا، مہنگائی کم نہیں ہوسکتی، غریب کا چولہا نہیں جل سکتا اور مریضوں کو سستی دوائی نہیں مل سکتی، جب تک جعلی حکومت ہے ووٹ چوری ہوتا رہے گا۔

رہنما (ن) لیگ مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکمران گلگت بلتستان میں دھاندلی کرکے بھی نہیں جیت سکے، گلگت بلتستان کے عوام نے اس جعلی حکومت کو ووٹ نہیں دیا، گلگت بلتستان کے جعلی نتیجہ کو کوئی ماننے کو تیار نہیں، تمام تر دھاندلی کے باوجود ایسی عبرتناک شکست پر توبہ توبہ، تھوڑی سی شرم و حیا ہوتی تو یہ اپنے گھر سے باہر نہ نکلتے، لوگ تمھیں گلگت بلتستان میں کیوں ووٹ دیتے، تم نے باقی پاکستان کو کیا دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جی بی میں نواز شریف کا بیانیہ گونج رہا تھا، نواز شریف کے بیانیے نے انہیں کہیں کا نہیں چھوڑا، نواز شریف کے بیانیے کی وجہ سے انہیں حکومت نہیں صرف بیساکھیاں ملیں، نواز شریف کے بیانیہ نے عمران خان کی سیاست کو دفن کردیا۔

نائب صدر (ن) لیگ نے کہا کہ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینکنے کے ذمہ دار بھی عمران خان کو لانے والے ہیں جب کہ مہنگائی اور ترقی کی کم شرح کا ذمہ دار بھی عوام عمران خان کو لانے والوں کو قرار دے رہے ہیں تاہم وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف جلد واپس آکر ملک کے چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں