بنگلادیش میں اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیا نے 5 جنوری کو ہونے والے عام انتخابات کے خلاف عوامی مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے قیام تک انتخابات میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔
بنگلادیش نیشنل پارٹی کی چیئرپرسن خالدہ ضیا نے حکومت کو متنبہ کیا کہ نگراں حکومت کے قیام اور وزیر اعظم حسینہ واجد کے اقتدار سے علیحدگی تک انتخابات میں حصہ نہیں لیا جائے گا، انہوں نے اعلان کیا کہ انتخابات سے قبل وزیر اعظم حسینہ واجد کے رویے کے خلاف اتوار کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا، عوام جمہوریت کی بقا کے لئے سڑکوں پر آئیں۔ خالدہ ضیا نے الیکشن کو سلیکشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم حسینہ واجد نگراں حکومت کے قیام میں مخلص نہیں، ملک میں جمہوریت فوت ہوچکی ہے لہٰذا عوام کو جمہوریت کی بقا کے لئے گھروں سے باہر آنا ہوگا۔
واضح رہے کہ بی این پی کے بائیکاٹ کی صورت میں ایوان زیریں کی 300 مجموعی نشستوں میں سے بیشتر پر عوامی لیگ کے امیدواروں کی بلا مقابلہ کامیابی کا امکان ہے جبکہ دوسری جانب بیشتر سیاسی جماعتوں کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد یورپی یونین اور امریکا نے انتخابات کی نگرانی کے لئے مبصرین نا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔