وزیراعظم افغانستان کے صدر کی دعوت پر پہلی بار آج کابل کا دورہ کریں گے

وزیراعظم کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے


ویب ڈیسک November 18, 2020
منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا افغانستان کا پہلا دورہ ہے . فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر پہلی بار آج کابل کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ دورہ کرنے والے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

وزیراعظم کے دورہ کے پروگرام میں صدر اشرف غنی سے بالمشافہ ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پرمذاکرات اور میڈیا سے مشترکہ بات چیت شامل ہے۔

دورے کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، افغان امن عمل، خطے میں معاشی ترقی اور اسے جوڑنے پر توجہ مرکوز رہے گی۔

وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے مستقل سلسلے کا حصہ ہے، صدر اشرف غنی جون 2019 میں آخری مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئے تھے، قبل ازیں مئی 2019 میں دونوں رہنماؤں میں چودھویں'او آئی سی' مکہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی، ستمبر2020 میں وزیراعظم کی صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی ہوئی تھی۔

وزیراعظم کے دورے سے حالیہ مہینوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں اشتراک عمل، دوطرفہ تعلقات اور پائیدار روابط کومزید تقویت اور فروغ ملے گا۔

اس تناظر میں وزیر خارجہ کے افغان ہم منصب سے مسلسل رابطوں کے علاوہ افغانستان سے اہم شخصیات نے پاکستان کا دورہ کیا جن میں قومی مفاہمت کے لئےافغانستان کی اعلیٰ کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ، افغان وولیسی جرگہ کے اسپیکر اور وزیر تجارت نثار احمد غورینی شامل ہیں۔

وزیراعظم کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں