کراچی میں سیکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث 4 ملزمان گرفتار   

گرفتار ملزمان کا تعلق قوم پرست تنظیم ایس آر اےسے ہے جو چائینیز بس پربھی حملہ کرنا چاہتے تھے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی


ویب ڈیسک November 19, 2020
گرفتار ملزمان چائینیز بس پربھی حملہ کرنا چاہتے تھے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی۔ فوٹو : فائل

سی ٹی ڈی نے میرپورخاص میں کارروائی کے دوران کراچی میں سیکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ میرپورخاص میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان ماہ جون، جولائی اور اگست میں اداروں سمیت سچل، کوٹری، لیاقت آباد احساس سینٹر اور گلشن حدید میں ہونے والے حملوں میں ملوث تھے جب کہ گرفتار ملزمان کا تعلق قوم پرست تنظیم ایس آر اے سے ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ ایس آر اے کو بیرونی قوتیں فنڈنگ فراہم کرتی تھیں، ملزمان کے گروپ میں مزید دہشت گرد بھی شامل ہیں جنکی تلاش جاری ہے، گروپ کے سرغنہ کی گرفتاری کے لیے وفاقی اداروں کے ہمراہ مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، گرفتار دہشت گردوں کو علاقائی سیاسی جماعت کی ممکنہ پشت پناہی حاصل تھی۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا تھا کہ ایس آر اے قومت پرست جماعتوں میں سب سے زیادہ متحرک تھی، چاروں ملزم اس ہی نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو حملے کررہا تھا، ملزموں سے دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں جب کہ 3 سے 4 حملوں میں ملزم سہیل میرانی اور بشیر شر ملوث ہیں، اس کے علاوہ ملزم مبینہ ٹاؤن تھانے پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے اور چائینیز کی بس پر بھی حملہ کرنا چاہتے تھے۔

عمر شاہد حامد کا کہنا تھا کہ ایس آر اے کا سربراہ اصغر شاہ ہے جو افغانستان میں ہے اور دہشت گردوں کو ہدایات بھی افغانستان سے ہی دی جارہی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔