پاکستانی فلم ’یلغار‘ کی ہیروئن کی بالی ووڈ میں انٹری

اس وقت تک کوشش جاری رکھوں گی جب تک کہ مجھے شاہ رخ خان کے مقابل کردار کی پیشکش نہیں ہوجاتی، علیزے نصیر


ویب ڈیسک November 19, 2020
شاہ رخ خان کی بہت بڑی مداح ہوں اور ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہوں، علیزے نصیر فوٹوانٹرنیٹ

KARACHI: پاکستانی فلم ''یلغار'' میں اداکاری کرنے والی اداکارہ علیزے نصیر بالی ووڈ میں انٹری دینے کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی فلم''یلغار'' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ علیزے نصیر فلم ''یارا وے'' کے ذریعے بالی ووڈ میں انٹری دینے جارہی ہیں۔ اپنے نئے منصوبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے علیزے نے کہا انہیں ایسا لگ رہا ہے جیسے کوئی خواب پورا ہورہا ہو۔ میں ہمیشہ سے بالی ووڈ کا حصہ بننا چاہتی تھی۔ میرا تعلق دبئی سے ہے اور میرے لیے بالی ووڈ میں اداکاری کرنے کا موقع حاصل کرنا آسان نہیں تھا۔

علیزے نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا میں نے اپنے کیریئر کی ابتدا پاکستان میں ریلیز ہونے والی فلم میں کام کرکے کی۔ لیکن اب مجھے امید ہے کہ اس فلم انڈسٹری (بالی ووڈ) میں میرا مستقبل روشن ہوگا۔ مجھے ہمیشہ سے بھارت کے لوگوں کے مابین حسن سلوک پسند ہے۔

اپنی بات میں اضافہ کرتے ہوئے علیزے نصیر کا کہنا تھا کہ وہ شاہ رخ خان کی بہت بڑی مداح ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہیں۔ بالی ووڈ میں فلم حاصل کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ میری کوشش یہاں ختم ہوگئی۔ کیونکہ ابھی میرے خواب باقی ہیں اور میں اپنے تمام خواب پورے کرنا چاہتی ہوں۔ یہ صرف پہلی جیت ہے۔ میں اس وقت تک کوشش جاری رکھوں گی جب تک کہ مجھے شاہ رخ خان کے مقابل کردار کی پیشکش نہیں ہوجاتی۔ میں ان کی بہت بڑی مداح ہوں۔ مجھے محسوس ہوتا ہے خدا میری خواہشات پوری کرے گا۔

فلم ''یاریا وے''ایک رومینٹک لو اسٹوری ہے جسے التھیا کوشل نے لکھا ہے جو اس سے قبل کئی پراجیکٹس میں کام کرچکی ہیں انہوں نے سنجے لیلا بھنسالی اور فرح خان کے ساتھ بھی پراجیکٹس کیے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی فلم ''یلغار'' 2017 میں ریلیز ہوئی تھی اس فلم میں اداکار شان، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اور ارمینا خان نے مرکزی کردار اد کیے تھے۔ فلم میں علیزے نصیر نے کرنل عمران کی بیوی فریحہ کا کردار ادا کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔