بالی ووڈ خانز کی پہلی بار فلم میں ایک ساتھ انٹری

عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ میں سلمان ’پریم‘ اور شاہ رخ ’راج‘ کے کردار میں دکھائی دیں گے 


ویب ڈیسک November 19, 2020
فلم میں عامر خان کیساتھ کرینہ کپور مرکزی کردار ادا کریں گی

بالی ووڈ کے تینوں بڑے خانز فلم 'لال سنگھ چڈھا' میں پہلی بار بڑے پردے پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

ہندی فلم انڈسٹری پر 90 کی دہائی سے راج کرنے والے تینوں خانز (عامر، سلمان، شاہ رخ) کو مداح ہمیشہ سے بڑے پردے پر ایک ساتھ دیکھنا چاہتے تھے تاہم ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوئی، حالانکہ متعدد ہدایت کار وفلمساز اس حوالے سے کوششیں کرچکے ہیں لیکن وہ ہمیشہ دو خانز کو ایک ساتھ کاسٹ کرنے میں کامیاب رہے لیکن اب ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ مداحوں کا یہ خواب بھی پورا ہونے جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ ان دنوں ہالی ووڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ فلم 'فارسٹ گمپ' سے متاثر ہوکر فلم 'لال سنگھ چڈھا' بنارہے ہیں اور وہ اپنی پچھلی فلم 'ٹھگ آف ہندوستان' کی ناکامی کے بعد سے کسی قسم کا رسک نہیں لینا چاہتے اور اس فلم کو ہر صورت میں کامیاب بنانا چاہتے ہیں جس کے لیے انہوں نے فلم میں اپنے دوستوں یعنی سلمان خان اور شاہ رخ خان کی انٹری کا پلان بنایا ہے۔

فلم 'لال سنگھ چڈھا' میں تینوں خانز کی ایک ساتھ انٹری سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ اور سلمان 90 کی دہائی کے کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ شاہ رخ خان اپنی کامیاب ترین فلم 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' کے راج ملہوترا بنیں گے جب کہ سلمان خان 90 کی دہائی کی کامیاب فلمیں 'میں نے پیار کیا' یا پھر 'ہم آپ کے ہیں کون' کے مشہور کردار پریم میں دکھائی دیں گے۔

رپورٹس کے مطابق عامر خان چاہتے ہیں کہ ہالی ووڈ فلم 'فارسٹ کیمپ' ہی کی طرح اس فلم میں بھی ایک سین ایسا فلمایا جائے جس میں ان کی شاہ رخ اور سلمان سے ملاقات ہو جہاں وہ دونوں 'راج اور پریم' کے کردار میں اپنی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہوں۔

واضح رہے اگلے سال کرسمس پر ریلیز ہونے والی اس فلم کی ہدایت کاری ادویت چندن دے رہے ہیں جو پہلے ہی عامر خان کے ساتھ 'سیکرٹ سپر اسٹار' بناچکے ہیں جب کہ 'تھری ایڈیٹس' اور 'تلاش' کے بعد کرینہ کپور تیسری بار عامر خان کی ہیروئن بنیں گی اور دونوں فلم میں تین عشروں کی کہانی بیان کرتے ہوئے مختلف روپ دھاریں گے اور مختلف پیشے اپنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔