انسداد دہشتگردی کیلیے پاکستان کی کوششوں کے معترف ہیں چینی دفترخارجہ

دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لئے چین پاکستان کے ساتھ ہے، ترجمان

دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لئے چین پاکستان کے ساتھ ہے، ترجمان

چین نے انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے۔

چینی دفتر خارجہ کے ترجمان لی جیان ژاؤ نے کہا کہ دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لئے چین پاکستان کے ساتھ ہے، سی پیک کو ناکام بنانے کی کوششیں کرنے والوں کو مایوسی ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ چین دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی معاونت کرتا رہے گا، سی پیک منصوبہ کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مل کر ناکام بنائیں گے۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے بیان پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبہ کی حفاظت کرے گا، پاکستان امن اور اس خطے کے استحکام کے لئے کوشاں ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان ریاستی دہشت گردی کے ذریعے پاکستان اور سی پیک کے منصوبوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت نے 80 ارب روپے کے لگ بھگ رقم مختص کی ہے، جس کا مقصد سی پیک کو نشانہ بنانا ہے تاہم پاکستان نے ہرصورت سی پیک منصوبے کی حفاظت کا عزم کر رکھا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پورے خطے کے لئے فائدہ مند ہے، ان فلیگ شپ پراجیکٹس کے ساتھ ہمارا مستقبل جڑا ہوا ہے اور چین بھارتی سازش سے اچھی طرح واقف ہے، اب چین کی طرف سے بھی بیان آ گیا ہے کہ وہ اس منصوبے کی اہمیت سے پوری طرح واقف ہے لہذا ، پاکستان اور چین مل کر اس منصوبے کی حفاظت کریں گے اور اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پر چین کی بہت بڑی سرمایہ کاری ہے اور اس کے انجینئرز و عملہ یہاں کام کر رہے ہیں، اگر ان منصوبوں کو کسی طور بھی نشانہ بنایا جاتا ہے تو چین اور پاکستان کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

واضح رہے پاکستانی ڈوذیئر میں سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں اور ریاستی دہشتگردی کے تمام ثبوت موجود ہیں اور پاک فوج کے ترجمان سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں اور مذموم عزائم کو بے نقاب کر چکے ہیں جب کہ وہ سی پیک کو ناکام کرنے کی بھارتی کوششوں کے ثبوت بھی دے چکے ہیں۔
Load Next Story