روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر اضافہ

ایک ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر 2.56 روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 2.90 روپے کا اضافہ


Ehtisham Mufti November 21, 2020
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 161 روپے پر بند ہوئی فوٹو: فائل

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔

بڑی مالیت کی ادائیگیوں اور درآمدی شعبوں کی طلب بڑھنے سےگزشتہ ہفتےڈالر کی تنزلی تھم گئی۔ زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تنزلی کا شکار رہا۔ ریورس ریلی کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 ہفتوں کی بلند سطح پر آگئی۔ ہفتے وار کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قدر160روپے کی سطح پر پہنچ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر161روپےکی سطح پر آگئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا کے 2 ویکسینز ک اتجربہ کامیاب ہونے سے عالمی مارکیٹوں کی کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کا اشارہ ملنے سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی طلب بڑھ گئی۔

حکومت کی جانب سے کوویڈ ادویات کی درآمدات کو امپورٹ ڈیوٹی فری کرنے کے اعلان سے مستقبل میں ڈالر کی قدر بڑھنے کی افواہیں بھی زیرگردش رہیں۔ گزشتہ ہفتے ڈالر، یورو پاونڈ اور ریال کی قدروں میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے انٹربینک میں ڈالر کی قدر 2.56 روپے بڑھ کر 160روپے 72پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر2.90 روپے کے اضافے سے161 روپے پر بند ہوئی۔

انٹربینک مارکیٹ میں یوروکرنسی کی قدر بڑھ کر 190.79 روپے پرآگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یوروکرنسی کی قدر 6 روپے بڑھ کر 191 روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں برطانوی پاونڈ کی قدر5.11 روپے بڑھ کر 213.21 روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 6 روپے بڑھ کر 213 روپے ہوگئی۔ انٹر بینک میں سعودی ریال کی قدر 69 پیسے بڑھ کر 42.85 روپے ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔