عمران خان نے جھوٹ کو یو ٹرن کا نام دیا ہے سراج الحق

عمران خان کی حکومت میں موت اور عزت سستی ہوگئی ہے، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک November 22, 2020
پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں اختلاف صرف گھوڑے کی سواری پر ہے، امیر جماعت اسلامی فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ جھوٹ نہیں بولوں گا لیکن اب انہوں نے جھوٹ کو یو ٹرن کا نام دیا ہے۔

سوات میں جلسے سے خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا کہ اس حکومت نے قوم کو مایوس کیا ہے، عمران خان کی حکومت میں موت اور عزت سستی ہوگئی ہے، پوری دنیا ہمارا ملک رسوا ہوا ہے، ہمارے دوست ممالک نے ہم سے منہ موڑلیا ہے، سوات میں بے گناہ لوگوں کا خون بہایا گیا یہاں سے ملکی تاریخ کی بدترین نقل مکانی ہوئی اور 18لاکھ لوگ یہاں سے نکل گئے تھے لیکن ان قربانیوں کے نتیجے میں انصاف کی حکومت نے بھی بے انصافی کی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ جھوٹ نہیں بولوں گا لیکن اب انہوں نے جھوٹ کو یو ٹرن کا نام دیا ہے، عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ اگر لوگ میرے خلاف نکل ائے تو میں استعفی دوں گا، آج تو کراچی سے خیبر تک لوگ آپ کی حکومت پر لعنتیں بھیج رہے ہیں ۔ اب عمران اپنا وعدہ پورا کرنے کے لئے استعفی دیں۔ عمران خان نے کہا تھا کہ گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بناؤں گا، انہوں نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا لیکن ایک گھر نہیں بنایا ہے، ایک کروڑ نوکریاں دینے والے نے 35 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا۔

سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے نام پر اپوزیشن موجود ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان غریبوں یا کمشنر پر آختلاف نہیں، دونوں میں گھوڑے پر سواری پر اختلاف ہے، پی ڈی ایم میں چند خاندانوں کے مفادات ہیں ، ہم اس ملک کے غریب عوام ، طلباء ، کاشتکاروں اور ماؤں بیٹوں کی بات کرتے ہیں۔ اس ملک میں حکمرانی کا ٹھیکداری نظام چل رہا ہے اور جماعت اسلامی ایسا نظام نہیں مانتی، جب بھی نئی حکومت آتی ہے تو چینی اور آٹا چور اسمبلیوں میں پہنچائے جاتے ہیں، اگر عوام اس ملک میں انصاف چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کو اقتدار میں لانا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔