لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی گولہ باری سے 7 سالہ بچی شہید 10 افراد زخمی

بھارتی فوج نے بھاری گولہ بارود سے لائن آف کنٹرول پر واقع گاؤں اور سول آبادی کو نشانہ بنایا


ویب ڈیسک November 22, 2020
زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ڈی سی کوٹلی فوٹو: فائل

لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 7 سالہ بچی شہید جب کہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ہے، بھارتی فوج نے ایل او سی پر واقع گاؤں ججوٹ بہادر کو بھی نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں 7 سالہ بچی شہید جب کہ 10 افراد زخضمی ہوگئے۔

جام شہادت نوش کرنے والی بچی کی شناخت حورین ولد محمد عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 55 سالہ محمد حنیف ولد محمد حسین ، 65 سال سالہ سرور جان زوجہ محمد حسین عمر، 35 سال کی ساجدہ کوثر زوجہ محمد عرفان عمر ، 50 سالہ خورشید بیگم بیوہ محمور عمر، 35 سالہ زبینہ زوجہ محمد عجائب عمر، 20 سالہ عروج ضاروب دختر محمد ضاروب،22 سالہ ثمن دختر عجائب عمر، 10 سال کی اریج صدیق دختر محمد صدیق، 9 سال کا مبین ولد حمید عمر اور 5 سالہ شنگور دختر محمد عرفان زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا خون اتنا ارزاں نہیں کہ لائن آف کنٹرول پر بہتا رہے، حکومت پی ڈی ایم کے بجائے بھارتی فوج پر گولہ باری کرے۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے ڈپٹی کمشنر کوٹلی عمر اعظم کو ٹیلی فون پر کہا کہ لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثر ہونے والوں کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔