روسی صدر کی ضرورت مند ممالک کو’کورونا ویکسین‘ کی فراہمی کی پیشکش

دنیا کے ہر شخص کو کو مؤثر اور محفوظ کورونا ویکسین کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے، صدر ولادیمیر پوٹن


ویب ڈیسک November 22, 2020
یہ پیشکش جی-20 سمٹ کے ورچوئل اجلاس میں آن لائن خطاب کے دوران کی، فوٹو : روسی میڈیا

WASHINGTON: صدر ولادیمیر پوٹن نے جی-20 سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضروت مند ممالک کو روس میں تیار کردہ کورونا ویکسین 'اسپوٹنک وی' کی فراہمی کی پیشکش کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں جاری جی-20 سربراہ کے ورچوئل اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ ہر شخص کو مؤثر اور محفوظ کورونا ویکسین فراہم ہونی چاہیئے جس کے لیے روس ضرورت مند ممالک کو اپنی خدمات پیش کرتا ہے۔

روس کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ جی-20 کے اس اجلاس کے دنیا کو منصفانہ طور پر موثر اور محفوظ کورونا ویکیسن کی فراہمی کے مسودے کے حامی ہیں اور ضرورت مند ممالک کو اپنی کورونا ویکسین 'اسپوٹنک وی' فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : جی-20 سمٹ ؛ سعودی فرمانروا اور ترک صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو

صدر ولادیمیر پوٹن نے مزید بتایا کہ روس میں تیار ہونے والی 'اسپوٹنک وی' ویکسین دنیا کی پہلی رجسٹرڈ ویکسین ہے جبکہ نووسیبیرسک ریسرچ سینٹر کی دوسری ویکسین 'ایپی ویک کورونا' بھی تیار ہے اسی طرح روس میں تیسری ویکسین کی بھی تیاری آخری مرحلے میں ہے۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ انسانوں کو 2020 میں عالمی لاک ڈاؤن کا سامنا رہا اور معاشی سرگرمیاں معطل ہونے کے باعث معاشی بحران پیدا ہوا جس سے باہر نکلنے کا واحد حل ویکسین ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں جی-20 سربراہ ورچوئل اجلاس گزشتہ روز شروع ہوا تھا جس میں امریکی صدر نے بھی آن لائن شرکت کی تھی جب کہ آج اختتامی روز روس کے صدر نے خطاب کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔