جی20 ممالک دنیا کو کورونا ویکسین کی کم قیمت پر منصفانہ فراہمی کو یقینی بنائیں شاہ سلمان

جی-20 اجلاس کے میزبان سعودی فرمانروا نے رکن ممالک کے ارکان کی آن لائن شرکت پر شکریہ ادا کیا


ویب ڈیسک November 22, 2020
ریاض میں جی-20 کا دو روزہ ورچوئل اجلاس سعودی عرب کی میزبانی میں منعقد ہوا، فوٹو : سعودی میڈیا

خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ہدایت کی ہے کہ جی-20 ممالک کو کورونا ویکسین کی دنیا کے ہر شخص تک کم قیمت پر منصفانہ رسائی کے لیے کام کرنا چاہیے۔

سعودی میڈیا کے مطابق دارالحکومت ریاض میں جی-20 سربراہ ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ دنیا کو غیر معمولی صورت حال کا سامنا ہے، کاروباری سرگرمیاں معطل اور پروازیں بند ہیں۔ معیشت زبوں حالی کا شکار ہے اور بیروزگاری لوگوں کو نگلنے کے لیے منہ کھولے کھڑی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : روسی صدر کی ضرورت مند ممالک کو'کورونا ویکسین' کی فراہمی کی پیشکش

سعودی فرمانروا نے مزید کہا کہ اس صورت حال کا مقابلہ کورونا ویکسین کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے جس کے لیے مرض کی تشخیص، علاج اور ویکسین کی تیاری جاری ہے تاہم اس سے بھی اہم بات دنیا کے ہر شخص تک ویکسین کی کم قیمت پر منصفانہ رسائی ہے جس کے لیے جی-20 ممالک کو ملکر کام کرنا چاہیے۔

یہ خبر پڑھیں : جی-20 سمٹ ؛ سعودی فرمانروا اور ترک صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو

اس سال سعودی عرب نے بطور سربراہ جی-20 اجلاس کی میزبانی کی ہے تاہم کورونا وبا کے باعث اجلاس ورچوئل ہیں اور رکن ممالک کے سربراہان نے آن لائن شرکت کی ہے۔ اس اجلاس میں کورونا وبا اور ماحولیات کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔

قبل ازیں افتتاحی اجلاس سے خطاب میں شاہ سلمان بن عبد العزیز نے رکن ممالک کے سربراہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی سربراہی میں جی 20 کانفرنس کی میزبانی پر ہمیں خوشی ہے تاہم افسوس ہے کہ آپ کا استقبال کا اعزاز حاصل نہیں کر پا رہے ہیں لیکن خوشی کا پہلو یہ ہے آپ سب آن لائن موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔