پاک بھارت سرحدی فورسز کا اجلاس دوسرے روز بھی جاری مختلف امور زیر بحث

اجلاس میں غیر قانونی بارڈر کراسنگ، منشیات اسمگلنگ، بلااشتعال فائرنگ کے واقعات سمیت دیگر سرحدی امور پر بات چیت ہوگی

دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کا سربراہی اجلاس 28 دسمبر تک جاری رہے گا۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

پاک بھارت سرحدی فورسز کا سربراہی اجلاس آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ اجلاس میں غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کی روک تھام سمیت دیگر سرحدی امور پر بات چیت کی جارہی ہے۔


رینجرز ہیڈ کوارٹرز لاہور میں جاری اجلاس میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے سربراہ شری سبھاش جوشی سمیت 13 رکنی وفد شریک ہے۔ پاکستان کی طرف سے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر سمیت دیگرشریک ہیں، دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کا سربراہی اجلاس 28 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں غیر قانونی بارڈر کراسنگ، منشیات اسمگلنگ کی روک تھام، بلااشتعال فائرنگ کے واقعات اورسزا پوری کرنے والے قیدیوں کی واپسی سمیت دیگر سرحدی امور پر بات چیت ہوگی جب کہ بھارت سرحدی تنازعات کے حوالے سے اپنا ایجنڈا پیش کرے گا۔

28 دسمبر کو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ کل پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ملاقات کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
Load Next Story