افغانستان کے بارے میں آسٹریلوی رپورٹ

افغانستان میں تعینات امریکی،برطانوی اورجرمن فوجیوں پربھی وقتاًفوقتاًانسانی حقوق کی پامالی کے الزامات عائدہوتے رہے ہیں۔

یہ بات ہے دو ہزار بارہ کی۔افغان صوبہ ارزگان میں تعینات آسٹریلیا کے خصوصی کمانڈو دستے کے ساتھ منسلک الیکٹرونک آپریٹر بریڈن چیپمین نے دیکھا کہ ان کے ایک ساتھی نے ایک نہتے افغان کو یونہی گولی مار کر ہلاک کردیا حالانکہ اس افغان نے حکم ملنے پر ہاتھ بھی کھڑے کر دیے تھے۔

بقول چیپمین ''یہ منظر دیکھ کر میں بھونچکا رہ گیا۔ میرے ایک ساتھی نے میرا کندھا تھپتھپاتے ہوئے کہا پریشان مت ہو۔کوئی پوچھے تو یہی بتانا کہ یہ افغان مشکوک اور خطرناک انداز میں ہماری طرف آ رہا تھا لہٰذا سیلف ڈیفنس میں فائر کر دیا گیا۔پھر میں نے جب اپنے ساتھیوں کی کئی روز تک گفتگو سنی تو اندازہ ہوا کہ اس طرح افغانوں کو قتل کرنا کوئی بڑی بات نہیں یہ کام تو دو ہزار پانچ سے ہو رہا ہے ''۔

اس وقت افغانستان میں جو چھبیس ہزار غیرملکی فوجی متعین ہیں ان میں آسٹریلوی فوجیوں کی تعداد لگ بھگ تین ہزار ہے۔آسٹریلیا نے افغانستان میں بین الاقوامی فوجی اتحاد کی کارروائیوں میں دو ہزار دو سے ہی حصہ لینا شروع کر دیا تھا۔

دو ہزار سولہ میں ایک عسکری ماہرِ عمرانیات سمانتھا کرومپوویٹس نے آسٹریلوی اسپیشل فورسز کے پیشہ ورانہ رکھ رکھاؤ پر ایک علمی تحقیق شروع کی تو پیاز کے چھلکوں کی طرح حقائق کھلتے چلے گئے۔ بالخصوص افغانستان میں متعین اسپیشل فورسز کے ارکان کا رویہ سمانتھا کے لیے نہایت پریشان کن تھا۔جب سمانتھا کی تحقیق سامنے آئی تو ملک کی سول و فوجی قیادت نے اسے یکسر بے بنیاد اور جھوٹ قرار دے کر مسترد کرنے کے بجائے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کا فیصلہ کیا۔

چنانچہ دو ہزار سولہ میں سپریم کورٹ کے ایک جج اور ایک ریٹائرڈ اعلیٰ فوجی اہلکار میجر جنرل پال پریرٹن پر مشتمل کمیٹی نے دو ہزار پانچ سے سولہ تک کے گیارہ برس کے دوران افغانستان میں تعینات ہونے والے آسٹریلوی فوجیوں کے پیشہ ورانہ طرزِ عمل کی چھان بین شروع کی۔

انکوائری کمیٹی نے چار سو تئیس گواہوں کو قلمبند کیا۔بیس ہزار دستاویزات اور پچیس ہزار تصاویر کی چھان پھٹک کی اور اس کام میں چار برس صرف کرنے کے بعد گزشتہ ہفتے ایک جامع تحقیقی رپورٹ حکومت کے حوالے کر دی اور پھر حکومت نے اس کا خلاصہ عوام الناس کے ملاحظے کے لیے جاری کردیا۔

رپورٹ کے مطابق تئیس مختلف واقعات میں کم از کم انتالیس افغان باشندوں کی ہلاکت کی ذمے داری انیس ریٹائرڈ اور حاضر سروس فوجیوں پر عائد کی گئی اور ان کے خلاف فوری تادیبی و قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی۔

مرنے والوں میں افغان قیدی، کسان اور عام شہری شامل ہیں۔زیادہ تر واقعات دو ہزار بارہ کے آس پاس ہوئے۔یہ ہلاکتیں کسی جنگی کارروائی کے دوران یا کنفیوژن میں نہیں ہوئیں بلکہ جان بوجھ کر کی گئیں۔یہ شواہد نہیں ملے کہ ان جانی بوجھی ہلاکتوں کے پیچھے افغانستان میں موجود اسپیشل فورسز کی اعلیٰ کمان کی رضامندی شامل تھی۔یہ واقعات پلاٹون کمانڈروں کی سطح پر ہوئے۔

ان ہلاکتوں کو بلڈنگ یعنی خون بہانے کے کھیل یا مشغلے کا نام دیا جاتا تھا۔یعنی نئے سپاہیوں کو ترغیب دی جاتی تھی کہ اگر انھوں نے اب تک کوئی دشمن ہلاک نہیں کیا تو پھر کسی قیدی یا شہری کو مار کر ہلاکت کا پہلا تجربہ حاصل کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ہلاکت کو بطور جرم چھپانے کے لیے لاش کے ساتھ ہتھیار یا مواصلاتی آلات رکھ دیے جاتے تاکہ مرنے والے کو حملہ آور ثابت کیا جا سکے۔


رپورٹ میں یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ اسپیشل فورسز کے جس یونٹ کے ارکان کی اکثریت اس بہیمانہ طرزِ عمل کی مرتکب ہوئی ہے اس یونٹ کو توڑ کر اس کے ذمے دار طرزِ عمل کا مظاہرہ کرنے والے ارکان کو دیگر یونٹوں میں کھپا دیا جائے۔

رپورٹ ریلیز ہونے کے بعد آسٹریلوی مسلح افواج کے سربراہ جنرل اینگس کیمبل نے ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل یونٹ کے ارکان نے بنیادی پیشہ ورانہ ضوابط پامال کیے، جھوٹی کہانیاں گھڑی گئیں اور عام شہریوں اور زیرِ حراست افراد کو قتل کیا گیا۔

جو سیکیورٹی اہل کار بولنا چاہ رہے تھے انھیں زباں بندی پر مجبور کیا گیا، ڈرایا دھمکایا گیا۔ آسٹریلوی عوام اپنی فوج بالخصوص ایلیٹ اسپیشل فورسز سے قدرے بہتر طرزِ عمل کی توقع رکھتے تھے مگر جو طرزِ عمل سامنے آیا وہ نہایت تکلیف دہ اور باعثِ شرمندگی ہے۔

جنرل کیمبل نے اپنے خطاب میں آسٹریلوی مسلح افواج کی جانب سے افغان عوام سے غیرمشروط معافی بھی مانگی۔جب کہ وزیرِ اعظم اسکاٹ موریسن نے رپورٹ کی اشاعت سے پہلے افغان صدر اشرف غنی سے فون پر بات چیت کی اور انتہائی شرمندگی کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ آیندہ ایسے افسوس ناک واقعات کی روک تھام اور انصاف کے حصول کے لیے ان واقعات کا سامنے لایا جانا ضروری تھا۔ آسٹریلوی عوام اپنے اداروں سے بہتر رویے کی توقع رکھنے میں حق بجانب ہیں۔

فوجی کمان کے احتساب اور پیشہ ورانہ شفافیت یقینی بنانے کے لیے رپورٹ کی سفارشات کے مطابق غیر جانبدار اعلیٰ شخصیات پر مشتمل ایک نگراں پینل بھی قائم کیا جا رہا ہے۔

انسانی حقوق کے انڈیپینڈنٹ افغان کمیشن اور ہیومین رائٹس واچ نے اس رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قصور واروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی اور متاثرین کے لیے مالی ازالہ بھی ہونا چاہیے۔

افغانستان میں متعین درجن بھر سے زائد ممالک کے فوجی دستوں کے طرزِ عمل کے بارے میں آسٹریلیا کی سرکاری چھان بین رپورٹ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔ افغانستان میں تعینات امریکی ، برطانوی اور جرمن فوجیوں پر بھی وقتاً فوقتاً انسانی حقوق کی پامالی کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں مگر ان کی سرکاری چھان بین سے اغماز برتا گیا ہے۔

امریکا نے تو ایک قانون کے ذریعے اپنی بیرونِ ملک ( بالخصوص افغانستان اور عراق) متعین افواج کے پیشہ ورانہ طرزِ عمل کے بارے میں جنگی جرائم کی بین الاقوامی عدالت سمیت ہر ادارے کی ممکنہ چھان بین سے اپنے فوجیوں کو مبرا قرار دیا ہے۔

(وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیےbbcurdu.com پر کلک کیجیے)
Load Next Story