بابر اعظم میچ فنش نہ کرنے کا ٹیگ اتارنے کے خواہاں

زمبابوے کے خلاف ون ڈے میں سنچری بنائی تو ٹیم کو فتح دلانا چاہیے تھی، قومی کپتان


Saleem Khaliq November 24, 2020
غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے بہتری لانے کی کوشش جاری ہے،کپتان فوٹو: فائل

بابراعظم میچ فنش نہ کرنے کا ٹیگ اتارنے کے خواہاں ہیں، انھوں نے کہا کہ ذاتی پرفارمنس بھی وہی اچھی ہے جو ٹیم کے کام آئے۔

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ کوئی بیٹسمین سنچری بنا لے اور ٹیم ہار جائے تو ایسی کارکردگی کسی کام کی نہیں، اگر کوئی بیٹسمین سیٹ ہے تو اسے فتح کا مشن مکمل کر کے آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف میچ میں سنچری بنائی تو مجھے میچ ختم کرنا چاہیے تھا، مجھے لگتا ہے کہ میری وجہ سے ہار گئے، میں اگر آخر تک کریز پر رہتا تو نتیجہ مختلف ہوتا، اس معاملے میں کام کر رہا ہوں، اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے بہتری لانے کی کوشش جاری ہے،پی ایس ایل فائنل کی طرح آئندہ میچز میں بھی فتح کا مشن مکمل کرکے میدان سے باہر جانا چاہتا ہوں۔

بابر اعظم نے کہا کہ پرستاروں کی بہت توقعات ہوتی ہیں لیکن میں ان کا دباؤ نہیں لیتا بلکہ زیادہ اعتماد کے ساتھ میدان میں اترتا ہوں کہ مجھے کچھ کر کے دکھانا ہے، اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کے ساتھ بہتری لانے کا سلسلہ بھی کبھی ختم نہیں کرتا،دیکھتا رہتا ہوں کہ کہاں خامی رہ گئی، اس پر کام اور مزید محنت کرتا ہوں، کوشش ہوتی ہے کہ ہر روز کچھ نیا سیکھوں اورکروں۔

کپتان نے کہا کہ میں کبھی جن نامور کرکٹرز کو دیکھ کر رشک کیا کرتا تھا اب وہی میری کارکردگی کو سراہیں تو فخر محسوس کرتا ہوں، عزم بھی زیادہ جوان ہو جاتا ہے کہ مزید سیکھنا اور کارکردگی میں بہتری لانا ہے،میں کسی ایک پرفارمنس پر مطمئن ہوکر نہیں بیٹھ جاتا،جو گزر گیا وہ ماضی ہے، آنے والے چیلنجز پر توجہ دینا چاہیے، میں سوچتا ہوں کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ سمیت آنے والی سیریز میں کیسے بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہوں، اب مجھے صرف اپنے کھیل کی ہی نہیں بلکہ بطور کپتان ٹیم کی حکمت عملی کا بھی سوچنا پڑتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں