امریکا میں ایک دن میں داخل ہونے والے کورونا مریضوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

ایک دن میں کورونا سے متاثر ہونے والے 88 ہزار 80 مریض اسپتالوں میں داخل ہوئے

ایک دن میں 17 لاکھ 85 ہزار ٹیسٹس ہوئے اور ایک لاکھ 66 ہزار میں وائرس کی تشخیص ہوئی، فوٹو : اے ایف پی

امریکا میں گزشتہ روز کورونا سے متاثر ہونے والے 88 ہزار 80 مریض اسپتالوں میں داخل ہوئے جو کہ عالمی ریکارڈ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران اسپتالوں کے کورونا سینٹرز میں لائے گئے مریضوں کی تعداد 88 ہزار 80 ہے جو کہ ایک دن میں اسپتال میں داخل کیے گئے مریضوں کا عالمی ریکارڈ ہے۔


امریکی کووڈ ٹریکنگ پروجیکٹ کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 17 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے دوران ایک لاکھ 66 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

دنیا بھر میں امریکا کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے اور اب تک ایک کروڑ 25 لاکھ سے زیادہ افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

امریکا میں ان حالات میں بھی صدارتی انتخابات ہوئے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست کا سامنا رہا، نو منتخب صدر جوبائیڈن نے اپنی پہلی ترجیح کورونا کو قرار دیا اور ٹرانزیکشن پیریڈ کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔
Load Next Story