احد خان چیمہ کی اہلیہ والدہ سمیت دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا حکم

احد چیمہ کا فیملی اراکین کی رہائش سے لاعلمی کا اظہار


ویب ڈیسک November 26, 2020
احد چیمہ کا فیملی اراکین کی رہائش سے لاعلمی کا اظہار

احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی اہلیہ اور والدہ سمیت دیگر بے نامی دار ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چوہدری نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر سماعت کی۔ عدالت نے پیش نہ ہونے پر صائمہ احد، فیصل حسن، نازیہ، اشرف، احمد حسن، سعدیہ منصور، نشاط افزا، احمد سعود چیمہ اور سجاد چیمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے انویسٹی گیشن افسر کو بھی ایس ایچ او نیب کے ذریعے گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ حکم کی تعمیل کے لیے تمام اداروں اور ایجنسیوں کی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کو جنٹلمین احد چیمہ کو تین سال جیل میں رکھنے سے کیا ملا؟ سپریم کورٹ

عدالت نے احد چیمہ سے ان کی والدہ اور اہلیہ سمیت دیگر ملزمان کے بارے میں پوچھا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ کہاں ہیں؟۔ احد چیمہ نے فیملی اراکین کی رہائش سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا بتائیں کیا آپ کے بہنوئی فوت ہوچکے ہیں۔ احد چیمہ نے بیان دیا کہ وہ فوت ہو چکے ہیں۔

عدالت نے تمام بے نامی داران کو گرفتار کر کے 30 نومبر تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔