کھانا چھیننے والے پرندے کے ’قاتل‘ پر جرمانہ قید کی سزا

برطانیہ میں سمندری بگلے کو اپنی چھڑی سے دانستہ مارنے والے شخص کو دو ماہ کی قید بھی ہوئی ہے


ویب ڈیسک November 27, 2020
برطانوی شخص نے سمندری بگلے کو مارڈالا جس پر جرمانے اور قید کی سزا دی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

سمندری بگلے کی جانب سے کھانا چھیننے پر برطانوی شخص نے اسے مارڈالا اور اس جرم میں اسے ایک سال کی معطلی، دو ماہ قید اور ایک ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

برطانوی عدالت کے مطابق، اس نے جان بوجھ کر ایک ایسے پرندے کو مارا جسے تحفظ حاصل تھا۔ یہ تمام واقعہ ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں ریکارڈ ہوگیا جس کے بعد اسے عدالت نے سزا سنائی ہے۔

56 سالہ مارک ٹمز نے کھانا چھیننے والے سمندری بگلے کو پہلے ایک کوڑے دان کے کنارے پر لگایا اس کے اوپر پیر رکھا اور چھڑی سے مارڈالا۔ یہ مقدمہ ایکسیٹر کے مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوا تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ ٹمز نے بتایا کہ وہ عادی مجرم نہیں لیکن یہ پرندے بہت بے خوف ہوکر صبح سے شام تک لوگوں کو ستاتے رہتے ہیں۔


اس کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ٹمز کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں اور وہ بے خوابی کا مریض ہے۔ جب یہ واقعہ ہوا اس روز ٹمز صرف چار گھنٹے ہی سوسکا تھا۔ خاتون وکیل کا اصرار تھا کہ جذبات میں یہ جرم سرزد ہوا ہے۔

ٹمز نے پرندے کو مارنے کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ کسی منصوبے کا حصہ نہ تھا لیکن اس نے اپنی چھڑی اٹھائی اور پرندے کو مارڈالا۔ اس نے کہا کہ یہ پرندوں کے ملاپ کا موسم ہے اور وہ بہت شور مچاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ گہری نیند سے قاصر ہے۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ وہ کورونا کی وجہ سے گھر تک محدود ہے اور بہت پریشان بھی ہے۔

تاہم مجسٹریٹ نے ٹِمز پر 1000 پاؤنڈ جرمانے اور 8 ہفتوں کی قید بھی تجویز کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں