بلدیاتی الیکشن کاغذات نامزدگی کے اجرا کا دوسرا دن3ہزار سے زائد فارم جاری

ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی،جمعیت علمائے پاکستان اور دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جاری ہوئے


Staff Reporter December 26, 2013
جوش وخروش بدھ کو بھی دیکھنے میں نہیں آیا،انگریزی میں بھی فارم جاری،آج سے گہماگہمی شروع ہونے کی توقع ہے، ریٹرننگ افسران ۔ فوٹو : فائل

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انتخابی شیڈول کے دوسرے دن3ہزار سے زائد کاغذات نامزدگیاں جاری ہوئیں ، سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی ضلع غربی سے جاری ہوئے جہاں متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے ایک ہزار 782فارمز کا اجرا ہوا۔

ضلع ملیر سے 342، ضلع شرقی سے 170ِ، ضلع کورنگی سے 200فارمز، ضلع وسطی سے 350اور ضلع جنوبی سے 500 سے زائد فارمز جاری ہوئے، جمعرات سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع ہوگا جو 29دسمبر تک جاری رہے گا۔



تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے امیدواروں نے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے انگریزی، اردو اور سندھی زبان میں چھپے ہوئے کاغذات نامزدگی حاصل کیے، متحدہ قومی موومنٹ نے بدھ کو1500 کاغذات نامزدگی حاصل کیے، نظام مصطفی پارٹی نے 150 فارمز حاصل کیے، پیپلزپارٹی نے تقریباً 1500 فارمز حاصل کیے، جمعیت علمائے پاکستان نے 100سے زائد فارمز حاصل کیے، تحریک انصاف نے 150سے زائد فارمز حاصل کیے، جماعت اسلامی نے منگل اوربدھ کاغذات نامزدگی حاصل نہیں کیے،ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار جمعرات سے کاغذات نامزدگی حاصل کریں گے۔



کاغذات نامزدگی کے اجرا کے دوران روایتی جوش وخروش بدھ کو بھی دیکھنے میں نہیں آیا، ایک امیدوار یا سیاسی جماعت کے نمائندے نے اضلاع میں آکر پورے پینل کیلیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے، سب سے زیادہ رش ضلع غربی کے ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے اطراف دیکھنے میں آیا جہاں ایک ہزار 782فارمز جاری ہوئے، ریٹرننگ افسران کے مطابق جمعرات سے انتخابی گہماگہمی شروع ہونے کی توقع ہے جب امیدوار اپنے حمایتیوں کے ساتھ کاغذات نامزدگی جمع کرانے آئیں گے، ضلع ملیر کے ریٹرننگ افسران کے مطابق ضلع ملیر میں اردو اور سندھی کے فارمز مساوی تقسیم ہوئے، ضلع شرقی و وسطیغربی اور ضلع کورنگی میں بیشتر فارمز اردو اور کچھ فارمز انگریزی میں جاری ہوئے، ضلع جنوبی میں اردو اور انگریزی میں فارمز جاری ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں