ملتان میں اپوزیشن کے کارکنوں اور پولیس میں تصادم علی قاسم گیلانی سمیت متعدد کارکنان گرفتار

پولیس کی اسٹیڈیم خالی کرانے کی کوشش، لاٹھی چارج، بلاول کی حکومت کو ملک بھر میں احتجاج کی دھمکی


ویب ڈیسک November 28, 2020
ملتان میں پی ڈی ایم نے جلسے کا اعلان کررکھا ہے فوٹو: اسکرین شاٹ

پی ڈی ایم کو ملتان اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے جس کے بعد پولیس اور ان کے درمیان تصادم ہوا، پولیس نے علی قاسم گیلانی سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان میں اپوزیشن کے اعلان کردہ جلسے کے حوالے سے گزشتہ چند روز کے دوران اپوزیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان محاذ آرائی شدت اختیار کرچکی ہے۔ حکومت نے کورونا ایس او پیز کے تحت جلسے کی اجازت نہیں دی اور ملتان ڈویژن میں کورونا ایس پیز کی خلاف ورزی پر اب تک 9 مقدمات درج ہوچکے ہیں جب کہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ جلسہ ضرور ہوگا۔

ملتان میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں اور ریلیوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کا رخ کیا۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی قیادت علی قاسم گیلانی کررہے تھے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن عبدالرحمان کانجو اور طارق رشید کی قیادت میں قاسم باغ اسٹیڈیم پہنچے، بعد ازاں جے یو آئی (ف) کے قافلے بھی اسٹیڈیم میں داخل ہوگئے۔

پولیس نے اسٹیڈیم خالی کرانے کی کوشش کی تو کارکنان بپھر گئے اور انہوں ںے مزاحمت کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے گرفتاریاں شروع کردیں۔ پولیس نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے و پی پی رہنما علی قاسمٰ گیلانی سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے کورونا کنٹرول ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے متعلقہ حکام کو ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا حکم دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ کسی عوامی مجمع یا خفیہ میٹنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پنجاب کے وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پوری قوم کورونا وائرس سے گھبرائی ہوئی ہے، ایس او پی کی خلاف ورزی 21 توپوں کی سلامی نہیں دی جاسکتی، اپوزیشن سے گزشتہ 20 دن سے مذاکرات کی کوشش کررہے ہیں، کارکنوں کو چاہیے کہ اپنی لیڈر شپ کو سمجھائیں۔

واضح رہے کہ ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے بے نظیر بھٹو کی سب سے چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری بھی خطاب کریں گی۔

حکومت نے کریک ڈاؤن کیا تو ملک بھر میں احتجاج ہوگا، بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے، کریک ڈاﺅن کرنے کا سوچے بھی نہیں ورنہ ملک کے کونے کونے میں احتجاج ہوگا۔



اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملتان، پنجاب میں پی پی یوم تاسیس سے بوکھلا اٹھی ہے، حکومت نے ایک بار پھر حملہ کیا اور قاسم گیلانی سمیت ہمارے مختلف کارکنان کو گرفتار کرلیا، چاہے کچھ بھی ہو، ہم 30 نومبر کو پی ڈی ایم کی میزبانی کریں گے، آصفہ بھٹو زرداری میری نمائندگی کے لیے پہنچ رہی ہیں جلسہ تو ہوکر رہے گا۔

قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اطلاعات مل رہی ہیں کہ حکومت ملتان میں جیالوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنا چاہتی ہے، اگر میرے جیالوں کو کوئی تکلیف ہوئی تو ملک کے کونے کونے میں احتجاج ہوگا، اگر حکومت نے جیالوں کے خلاف ملتان میں ریاستی جبر کیا تو یہ جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہوگا، چاہے کچھ بھی ہو جائے پاکستان پیپلز پارٹی اپنا یوم تاسیس ہر حال میں ملتان میں منائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں