ڈاکٹرعشرت العباد خان کے بحیثیت گورنر سندھ 11برس مکمل

گورنرکوسیاسی،مذہبی،تعلیمی اورمعاشی خدمات پر’’نشانِ امتیاز‘‘ سے نوازاگیا

فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھی، تعلیمی شخصیات اورتاجروں کے مسا ئل حل کیے ۔ فوٹو : فائل

ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بحیثیت گورنر سندھ آج (جمعرات کو) 11 برس مکمل ہوگئے، انھیں 27دسمبر 2002 کو سندھ کے 31ویں گورنرکے طور پر صوبے کے سب سے کم عمرگورنر بننے کا اعزاز حاصل ہوا ۔

ملک کے کسی بھی صوبے کے سب سے طویل عرصے تک گورنر رہنے کا شرف بھی انھوں نے ہی پایا ، تاریخ ساز گورنر سندھ کی شب و روز محنت کے اعتراف میں وفاقی حکومت نے انھیں ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز ''نشانِ امتیاز'' سے بھی نوازا،آج ہر طبقے کے لوگ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی بہترین صلاحیتیوں ، سیاسی و انتظامی تدبر، معاملہ فہمی، بردباری، صبر و تحمل، نرم مزاجی، رواداری اور انتھک محنت کے معترف ہیں ، مختلف مذاہب ، نسل اور زبان بولنے والوں میں ہم آہنگی قائم کرنے کا ان کا مشن آج بھی جاری ہے، دنیا کے ساتویں بڑے شہر کراچی کی ترقی کے لیے ان کا وژن اور اس کو عملی صورت دینے کے لیے انفرااسٹرکچر کی فراہمی اور بے شمار ترقیاتی منصوبے بھی ایک مثال ہے، معصوم لیلیٰ کی اپیل پر انھوں نے جس طرح فہم اور فراست سے صومالی قزاقوں سے مرچنٹ نیوی عملے کو رہائی دلوائی اس اہم خدمت پر انہیں بین الاقوامی پذیرائی بھی ملی۔

اندرون سندھ سے شائستہ عالمانی کی فریاد ہو یا معصوم لیلیٰ کی پکار، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے جس طرح دادرسی کی اس نے محمد بن قاسم کی یاد دلادی، 11 برسوں کے دوران ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صوبے کو سنگین بحرانوں سے خوش اسلوبی سے نکالا، ہر شعبہ زندگی کے لوگوں سے رابطہ اور ان کے مسائل حل کروانے کے لیے کوشاں رہناان کا طرہ امتیاز ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ مسئلہ صنعتی و کاروباری برادری کا ہو یا کسی اور طبقے کا وہ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے رابطہ کرتے ہیں،انھوں نے جس طرح ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو یکجا کیا بلا تفریق سب سے رابطے رکھے وہ صوبے میں بین المذاہب ، فرقہ ورانہ اور لسانی ہم آہنگی اوراخوت و رواداری کا سبب بنا، گورنر ہائوس میں مسائل کے حل کے حوالے سے اعلٰی سطح کے اجلاس اور ہر سطح پر عوام سے رابطوں نے بڑی قبولیت حاصل کی ہے۔




مستحق نامور شخصیات کے لیے لجنڈ ٹرسٹ کا قیام، باغ ابن قاسم، ترقیاتی کاموں، جامعات میں تحقیق و تدریس کے شعبوں میں مثالی ترقی، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں انرولمنٹ میں دگنا اضافہ اور متعدد دیگر خدمات سمیت تعلیم، صحت، صنعت و تجارت، کھیل و ثقافت اور خاص طور پر امن کے قیام کے لیے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کی مثالی خدمات کا احا طہ مختصر طور پر ممکن نہیں، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے برطانیہ، امریکہ ، ترکی ، خلیجی اور دیگر ممالک کا دورہ کر کے کئی ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے گراں قدر کام کیا، برطانوی وزیر اعظم نے عید ملن کی سرکاری ضیافت میں ڈاکٹر عشرت العباد خان کو خاص طور پر مدعو کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی اور سیاسی اور سماجی خدمات کو سراہا، برطانیہ کے دوروں کے موقع پر تعلیمی شعبے میں برٹش کونسل اور برطانوی جامعات کے پاکستانی جامعات سے معاہدوں پر دستخط ہوئے ۔

گورنر سندھ کی کوششوں سے انٹرنیشنل کرکٹ میچز کا انعقاد اور بین الاقوامی سطح کے سیمینار ، نمائش کے انعقاد سے عالمی سطح پر پذیرائی بھی حاصل ہوئی، بلاشبہ ان کی کامیابی کا تمام تر سہرا متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو جاتا ہے جن کی مسلسل رہنمائی نے گورنر سندھ کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں ہونے دیا،گورنر سندھ کی رہنمائی اور ہمہ وقت تحریک کے باعث ہی سابق مقامی حکومتوں میں مثالی کام ہوئے، متعدد میگا پراجیکیٹس مکمل ہوئے اور 60برس کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی کام انجام پائے، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے علمائے کرام ، سیاسی قائدین، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کو متحرک کر کے صورتحال کو قابو کیا اور ایک حکمت عملی مرتب کر کے دہشت گردوں کے تمام منصوبے خاک میں ملائے۔
Load Next Story