
ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے 30 نومبر کو ملتان قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے، جس کی میزبانی پیپلز پارٹی کرے گی، تاہم پنجاب حکومت نے اپوزیشن کو جلسے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کردیا ہے، جب کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنما علی موسیٰ گیلانی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں گھس آئی تھی، اور مبینہ طور پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی تھی۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ملتان پولیس کا قاسم باغ پر دوبارہ کنٹرول
گزشتہ روز اپوزیشن کی جانب سے قاسم باغ میں زبردستی گھسنے پر پولیس نے 80 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جس میں سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں عبدالقادر گیلانی، موسیٰ گیلانی، ایم پی اے حیدرگیلانی اورقاسم گیلانی پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں سات مختلف دفعات لگائی گئی ہیں، اور مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملتان قاسم باغ میں آنے والی ریلی میں شریک افراد نے توڑ پھوڑ کی، 80 سے زائد ڈنڈا بردار افراد نے کرین کے ذریعے پولیس کی جانب سے لگائے گئے بیرئر اور خار دار تاروں کو توڑا، جب کہ 150 نامعلوم افراد نے دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کی، اور ریلی میں شریک دیگر ڈنڈا بردار کارکنوں نے قلعے پر لگائے گئی پولیس رکاوٹیں توڑ دیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔