بی آر ٹی بسوں میں خواتین کو چھیڑنے پر 3 سال قید اور 5 لاکھ جرمانہ

خواتین کو تنگ کرنے والوں کو گرفتار کرکے پی پی سی 509 کے تحت قانونی کاروائی ہوگی

خواتین مسافروں کی شکایت پر صوبائی حکومت نے ایکشن لے لیا، فوٹو : فائل

بی آر ٹی بسوں میں خواتین کو چھیڑنے، دھکے دینے اور تنگ کرنے والوں کو 3 سال قید یا 5 لاکھ جرمانے یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جا سکیں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی حکومت نے بی آر ٹی بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کو ہراساں کرنے والوں کو 3 سال قید یا 5 لاکھ تک جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام بی آر ٹی بسوں میں خواتین کے سفر کو محفوظ بنانے اور رش میں خواتین کو ہراسگی سے بچانے کے لیے اُٹھایا گیا ہے۔


بی آر ٹی بسوں میں خواتین کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ طالبات، یا کسی بھی خاتون کو بس میں یا بی آر ٹی اسٹیشن پر تنگ کرنے والوں کو گرفتار کرکے پی پی سی 509 کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی ۔

واضح رہے کہ پی پی سی 509 کے تحت خواتین کو پبلک ٹرانسپورٹ، عوامی مقامات، یا دفاتر سمیت کسی بھی جگہ پر چھیڑنے یا ہراساں کرنے پر ضابطہ فوجداری کے تحت کاروائی کی جاسکتی ہے۔

 
Load Next Story