وزیراعظم کی بیرون ملک جائیدادنہ غیرملکی بینک اکائونٹس

1.8ارب کی اراضی،لاہورمیں 25کروڑکا گھر، بیٹے کی بھیجی رقوم کابھی ذکر

1.8ارب کی اراضی،لاہورمیں 25کروڑکا گھر، بیٹے کی بھیجی رقوم کابھی ذکر فوٹو: فائل

وزیراعظم محمد نوازشریف کی جانب سے الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائی جانیوالی اپنی دستخطوں پر مبنی اثاثہ جات کی تفصیلات میں بتایاگیا ہے کہ ان کی اور ان کے زیرکفالت افراد کی پاکستان سے باہر کوئی جائیداد نہیں اور نہ ہی کسی غیر ملک بینک میں کوئی اکائونٹ اور رقم کا ذکر ہے۔

135اپر مال لاہور میں موجود ان کے گھر کی مالیت 25 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ موضع مانک لاہور میں ان کی 938کنال ، موضع بڈھا کسانی میں 299کنال، موضع مال میں103کنال ، موضع سلطان کے میں 312کنال ، موضع منڈیالی(شیخوپورہ) میں 14کنال ، موضع فیروز وطن (شیخوپورہ) میں 88کنال کی اراضی کی مجموعی قیمت ایک ارب 8کروڑ 3لاکھ 32ہزار 500 روپے ظاہرکی گئی ہے ۔ مری میں مال روڈ پر قائم ان کے بنگلے کی قیمت 10 کروڑ بتائی گئی ہے جبکہ یہ بنگلہ ان کی اہلیہ کے نام ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے صاحبزادے حسین نوازکی جانب سے بیرون ملک سے انہیں بھیجی گئی رقوم کا بھی ذکر کیا ہے جس کے مطابق حسین نواز نے اپنے والد کو 19کروڑ 4 لاکھ 45 ہزار 24 روپوں کے برابر امریکی ڈالر جبکہ 40 ہزار یورو بھی ٹرانسفر کئے جن کی پاکستانی روپوں میں مالیت 51لاکھ 81ہزار روپے بنتی ہے۔ انہوں نے 19لاکھ 17ہزار روپے بھی اپنے والد کے اکائونٹ میں جمع کرائے۔ وزیراعظم نوازشریف کی چوہدری شوگرملز، حدیبیہ انجینئرنگ اور حدیبیہ پیپر ملز،محمد بخش ٹیکسٹائل سمیت متعدد صنعتوں میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 3کروڑ 69لاکھ39ہزار 315روپے بتائی گئی ہے۔




 

وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے جمع کرائی اثاثوں کی تفصیلات میں بتایاگیا کہ ان کے پاس 2010ء ماڈل ایک ٹیوٹا لینڈ کروزر ہے جس کی مالیت ایک کروڑ روپے بتائی گئی ہے ، یہ گاڑی انہیں تحفے میں ملی، البتہ یہ نہیں بتایاگیا کہ یہ تحفہ انہیں کس نے دیا۔ وزیراعظم کے پاس 1991ء ماڈل کی ایک مرسیڈیزبینز بھی ہے جس کی مالیت 50لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے جبکہ ان کے پاس 7لاکھ روپے مالیت کا 2011ماڈل ایک ٹریکٹر بھی ہے۔وزیراعظم کے پاس 1973ء ماڈل کی ایک مرسیڈیز بینز گاڑی نمبر لاہور ڈی 280بھی ہے جس کی بک ویلیو5لاکھ روپے بتائی جارہی ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کے پاس 15لاکھ روپے کے زیورات ہیں جبکہ وزیراعظم کے پاس ذاتی طور پر 22لاکھ 57ہزار820روپے نقدی کی صورت میں جبکہ ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازشریف کے پاس محض 67ہزار555 روپے کیش موجود ہے ۔

وزیراعظم نوازشریف نے اپنے بینک کائونٹس کے نمبر اور ان میں موجود رقوم کی تفصیلات بھی الیکشن کمیشن کو فراہم کردی ہیں جن کے مطابق ان کے ایک بینک اکائونٹ میں 21 لاکھ 20ہزار روپے موجود ہیں جبکہ ایک دوسرے اکائونٹ میں 50 ہزار یورو 129روپے فی یورو کی شرح تبادلہ سے 26لاکھ 57 روپے کے برابر ظاہر کئے گئے ہیں۔ ایک اکائونٹ میں 30 ہزار برطانوی پائونڈ 151روپے فی پائونڈ کی شرح تبادلہ سے 45 لاکھ 36ہزار کے برابر جبکہ 7لاکھ 74ہزار 513 ڈالر بھی ظاہر کئے گئے ہیں جن کی شرح تبادلہ 99 روپے فی ڈالر ظاہر کرتے ہوئے ان کی مجموعی مالیت پاکستانی روپوں میں 7کروڑ70لاکھ 25ہزار 937روپے کے برابر ظاہر کی گئی ہے۔وزیراعظم کے بینک اکائونٹس میں 4کروڑ46 لاکھ 14ہزار روپے پاکستانی کرنسی میں جبکہ ان کی اہلیہ کے اکائونٹ میں تقریباً 5لاکھ روپے موجود ہیں ۔ وزیراعظم کے ذاتی استعمال میں فرنیچر کی مالیت دس لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کے نام چھانگلہ گلی میں 16کنال زمین بھی موجود ہے جس کی مالیت 6کروڑ 37لاکھ 53ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔
Load Next Story