جعلی دستاویز پر 8 کروڑ کا غیرملکی کپڑا ایکسپورٹ پراسیسنگ زون سے باہر لانے کی کوشش ناکام

مختلف رنگوں کا 47 ہزار 155 کلوگرام کپڑا 8 ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا جارہا تھا، کسٹمز نے مقدمہ درج کرلیا، کپڑا ضبط


Ehtisham Mufti November 30, 2020
مختلف رنگوں کا 47 ہزار 155 کلوگرام کپڑا 8 ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا جارہا تھا، کسٹمز نے مقدمہ درج کرلیا، کپڑا ضبط (فوٹو : فائل)

کسٹمز نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون سے جعلی دستاویزات پر 8 کروڑ روپے مالیت کے غیرملکی کپڑے کی مارکیٹ میں منتقلی کی کوشش ناکام بنادی۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ ایکسپورٹ ویلیو ایڈیشن کے لیے درآمد ہونے والے غیر ملکی کپڑے کو مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کپڑے کی ٹرکوں کے ذریعے جب ایکسپورٹ پروسیسنگ زون سے منتقلی کی جارہی تھی تو ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے ان ٹرکوں کو روک کر ایگزامنیشن کی تو متعلقہ دستاویزات طلب کرلیے۔

دستاویزات سے اس امر کی نشاندہی ہوئی کہ میسرز لائبہ انڈسٹریز کی جانب سے گیٹ پاس جاری کیا گیا ہے اور کپڑے کو ڈائنگ و فنشنگ کے لیے میسرز احمد ڈائینگ سائٹ منتقل کرنا ہے لیکن دوران تفتیش اس بات کا انکشاف ہوا کہ متعلقہ کسٹمز حکام نے اس کپڑے کو زون سے باہر لے جانے کی اجازت دی اور میسرز لائبہ انڈسٹری نے کپڑے کی منتقلی کی دستاویزات میں ڈائنگ وفنشنگ کا اظہار کیا۔

طویل تحقیقات کے بعد اس امر کی نشاندہی ہوئی کہ مختلف رنگوں پر مشتمل کپڑے اس بڑی کھیپ کو ڈائنگ و فنشنگ کی آڑ میں یونائیٹڈ انٹرپرائزز کے گودام میں لے جایا جارہا تھا۔ مختلف رنگوں کے 47155 کلو گرام برآمد ہوا۔ غیر ملکی کپڑا 8 ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا جارہا تھا۔

ڈائریکٹوریٹ کسٹمز نے مقدمہ درج کرکے کپڑا اور ٹرکس ضبط کرلیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔