وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین خریدنے کی منظوری دے دی

ویکسین کے لیے 15 کروڑ ڈالر مختص، فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا


ویب ڈیسک December 01, 2020
فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا

وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین خریدنے، پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو گولڈ ہینڈ شیک دینے اور مختلف اداروں کی نجکاری کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی گئی اور اس کام کے لیے 15 کروڑ ڈالر مختص کردیے گئے۔ کابینہ نے کورونا کے علاج کے لیے درکار انجکشن کی قیمت میں کمی کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی مدت ملازمت میں توسیع اور نجی ایئرلائن ایئر سیال کے لائسنس کی بھی منظوری دے دی۔

کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈ ہینڈ شیک دینے سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں ایم کیو ایم نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کی مخالفت کی۔ ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن ایک منافع بخش ادارہ ہے جو حکومت کے منشور کے مطابق لوگوں کو سہولت فراہم کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس سے تعلقات؛ حکومت عوامی جذبات سامنے رکھ کر فیصلہ کرے، اسلام آباد ہائیکورٹ

کابینہ کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، راوی اربن ڈویلپمنٹ اور بنڈل آئی لینڈ پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق توہین رسالت کے معاملے پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا معاملہ زیر غور آیا لیکن اس پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔

وفاقی کابینہ کو موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں سی این جی اسٹیشن کو سپلائی بند کی جائے گی۔ کابینہ ارکان نے زور دیا کہ گیس فراہمی میں ایکسپورٹ سیکٹر اور گھریلو صارفین ترجیح ہونے چاہئیں۔

کابینہ نے وزارت دفاع کو پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج اور یلدیز ٹیکنیکل یونیورسٹی ترکی کے مابین تعاون کے پروٹوکول پر دستخط کرنے کی اجازت دی۔

کابینہ نے پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر محمد نعیم اخترکی تعیناتی کی منظوری دی۔ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کلب کی عمارت نیشنل کالج آف آرٹس کے حوالے کرنے کی سمری پر 6 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔

کابینہ نے بریگیڈئیر (ر) محمد طاہر احمد خان کی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریکونسی ایلوکیشن بورڈ تعینات کرنے اور فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ آرڈیننس 2020ء کے تحت بورڈ آف گورنرز پر ماہرین تعینات کرنے کی منظوری بھی دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں