2020 دنیا کی 10مہنگی ترین اداکارائیں

کورونا کی معاشی تباہ کاریوں کے باوجود اداکاراؤں نے کروڑوں ڈالر کمائی کی

کورونا کی معاشی تباہ کاریوں کے باوجود اداکاراؤں نے کروڑوں ڈالر کمائی کی

بلاشبہ پیسہ وہ حقیقت ہے، جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، کیوں کہ عصر حاضر میں یہ وہ پیمانہ بن چکا ہے، جس سے کسی بھی معاشرے یا ملک کو ناپا جاتا ہے کہ وہ کس قدر مہذب یا ترقی یافتہ ہے۔

گزرتے وقت اور بدلتے حالات میں انسان نے زندگی کے مختلف شعبہ جات میں پیسے کی صورت میں سرمایہ کاری کی تو وہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتا چلا گیا۔ انسان نے کچرے پر سرمایہ کاری کی تو وہ بھی ری سائیکلنگ کے ذریعے سونے جیسا قیمت بن گیا۔ انہی شعبہ جات میں ایک شعبہ شوبز بھی ہے، جو اپنے ابتدائی دور میں صرف پیسہ نہ ہونے کے باعث نامساعد حالات سے دوچار تھا۔

ابتداء میں یہ صرف انسانی تفریح یا پھر چند لوگوں کی دو وقت کی روٹی کا ذریعہ تھا، اس شعبہ میں کام کرنے والے پریشان حال لوگ نہایت کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور تھے۔ ٹولیوں کی صورت میں چند لوگ مل کر چوکوں، چوراہوں پر کوئی تماشا دکھاتے اور اس کے عوض انہیں کھانے پینے کی چیزیں یعنی گندم، آٹا، چینی اور پرانے کپڑے مل جاتے تھے۔

پھر جب تھیٹر بنے، چھوٹی بڑی سکرین کے لئے شوٹنگ کا آغاز ہوا تو ایک فلم یا ڈرامہ چند ہزار روپے میں بن جاتا تھا، جس سے آپ اس فلم یا ڈرامہ میں کام کرنے والے فنکاروں سمیت دیگر پروفیشنلز کی آمدن کا حساب لگا سکتے ہیں۔ لیکن پھر وقت بدلا اور شوبز میں سرمایہ کاری کی جانے لگی۔

کیوں کہ یہ شعبہ سرمایہ کاری کی تعریف (فائدہ کے لئے کسی بھی جگہ سرمایہ لگانا) پر پورا اترنے کے قابل تھا۔ سرمایہ کاری اور جدت سے شوبز کو وہ عروج ملا کہ پھر یہ ایک باقاعدہ صنعت کی صورت اختیار کر گیا اور آج صورت حال یہ ہے کہ ایک تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں انٹرٹینمنٹ اینڈ میڈیا مارکیٹ 2.1 کھرب ڈالر کی سطح کو عبور کر چکی ہے اور اندازے کے مطابق آئندہ تین برسوں بعد یہ سطح 2.5 کھرب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ آج ایک اداکار ایک فلم بنانے کا کئی کئی لاکھ ڈالر معاوضہ وصول کر رہے ہیں، جو پاکستانی روپوں میں کروڑوں بن جاتے ہیں۔

دنیا بھر میں مختلف شعبہ جات خصوصاً صنعت و تجارت اور ان میں کام کرنے والے افراد کی رینکنگ کے لئے معروف امریکی جریدے فوربس نے گزشتہ دنوں 2020ء کے لئے دنیا کی مہنگی ترین اداکاراؤں کی ایک فہرست جاری کی ہے، جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ کون سی اداکارہ نے اس برس کتنی کمائی کی، اگرچہ رواں برس کرونا کی وجہ سے دیگر شعبہ جات کی طرح شوبز بھی متاثر ہوا لیکن پھر بھی ان اداکاراؤں کی کمائی لاکھوں ڈالر رہی۔ آیئے اب ان اداکاراؤں کے بارے میں جانتے ہیں۔

صوفیہ ورگارا:کولمبیئن نژاد امریکی اداکارہ و ماڈل صوفیہ ورگارا اس فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جن کو یہ مقام رواں برس اپریل میں نشر ہونے والے ریالٹی شو ماڈرن فیملی کی وجہ سے ملا، اس کے علاوہ فوربس نے ان کی کمائی کے دیگر ذرائع یعنی کاروباری لین دین کو بھی اس میں شامل کیا ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صوفیہ دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ بننے سے قبل 2013ء سے 2019ء تک مسلسل امریکن ٹیلی ویژن کی مہنگی ترین اداکارہ بھی رہ چکی ہیں۔ فوربس نے رواں برس ان کی کمائی کا اندازہ 43 ملین ڈالر لگایا ہے۔

انجلینا جولی: رومانس اور ایکشن کا بھرپور امتزاج، بیوٹی کوئین اور کروڑوں دلوں کی دھڑکن امریکن اداکارہ انجلینا جولی کمائی کے حوالے سے اس سیڑھی کے دوسرے قدم پر کھڑی ہیں۔ اگرچہ آج ایسی اداکاراؤں کی تعداد بہت کم ہے، جن کی کمائی کا بڑا ذریعہ صرف فلم یا ٹی وی ہی ہو لیکن جولی ان اداکاراؤں میں سرفہرست ہے۔ اس برس اداکارہ کی کمائی کا تخمینہ 35.5 ملین ڈالر لگایا گیا ہے، جس میں بڑا حصہ ان کی آئندہ برس ریلیز ہونے والی فلم The Eternals سے حاصل ہونے والے معاوضے کا ہے۔


گیل گادوت: فوربس کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہنے والی گیل گادوت اسرائیلی ماڈل و اداکارہ ہیں۔ صرف 18 برس کی عمر میں مس اسرائیل کا اعزاز پانے والی اداکارہ نے بہت کم وقت میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹیں۔ اداکارہ نے عالمی سطح پر اپنے فنی سفر کا آغاز 2009ء میں کیا اور مختصر عرصہ میں وہ کبھی مہنگی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہوئیں تو کبھی دنیا کے سو بااثر افراد کی۔ رواں برس ان کی کمائی 31.5 ملین ڈالر رہی، جس میں انہیں 20 ملین ڈالر صرف نیٹ فلیکس کے لئے بنائی جانے والی فلم Red Notice سے ملے۔

ملیسا مک کیرتھی: امریکن اداکارہ، کامیڈین اور فیشن ڈیزائنر ملیسا مک کیرتھی رواں برس 25 ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ فوربس کی فہرست میں چوتھے نمبر پر رہیں۔ ملیسا اس سے قبل بھی متعدد بار مہنگی ترین اداکاراؤں میں اپنا نام شامل کروا چکی ہیں۔ کامیڈین سٹار کی آمدن کا باقاعدہ ذریعہ تو ٹیلی ویژن شو Little Big Shots ہے، تاہم رواں برس انہوں نے دوفلموں Thunderforce and Superintelligence میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھلائے ہیں، جن سے انہیں اچھی کمائی ہوئی۔ اس کے علاوہ فوربس نے اداکارہ کی آئندہ برس ریلیز ہونے والی ایکشن فلم The Little Mermaid کی کمائی کو بھی شامل کیا ہے۔

میرل اسٹریپ: اپنے دور کی بہترین اداکارہ کا اعزاز پانے والی میرل اسٹریب ایک امریکی اداکارہ ہیں۔ 71 سالہ اداکارہ کو سب سے زیادہ (21) بار آسکر کے لئے نامزد کیا گیا، جو تاحال ایک ایسا ریکارڈ ہے، جسے کوئی توڑ نہ سکا۔ میرل اسٹریب نے 2020ء میں 24 ملین ڈالر کمائی کی، جس میں بڑا حصہ ایچ بی او پر نشر ہونے والی ان کی مذاحیہ فلم Let Them All Talk، Little Women، The Prom اور Kidman سے حاصل ہوا۔

ایملی بلنٹ: 37 سالہ برطانوی اداکارہ ایملی بلنٹ رواں برس 22.5 ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ فوربس کی فہرست میں چھٹے نمبر پر رہیں۔ ان کی کمائی کا بڑا حصہ فلم A Quiet Place سے آیا، اس سیریز کی پہلی فلم 2018ء بنی، جس کا بجٹ صرف 17 ملین ڈالر تھا جبکہ باکس آفس آمدن 341 ملین ڈالر رہی۔ اس سیریز کی دوسری فلم A Quiet Place Part II آئندہ برس ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس کو قبل از وقت ہی مبصرین کی جانب سے کامیابی کی اسناد دی جا رہی ہیں۔ اداکارہ کی کمائی کا دوسرا بڑا حصہ فلم The Jungle Cruise سے موصول ہوا اور یہ فلم بھی آئندہ برس ریلیز ہو گی۔

نیکول کڈمین: آسکر ایوارڈ یافتہ آسٹریلوی نژاد امریکی اداکارہ، گلوکارہ اور پروڈیوسر نیکول کڈمین نے رواں برس 22 ملین ڈالر کمائی کی۔ 2006ء میں انہیں آسٹریلیا کے سب سے بڑے شہری اعزاز کمپینیئن آف دی آرٹر آف آسٹریلیا سے بھی نوازا گیا اور اسی برس وہ فلمی صنعت میں سب سے مہنگی اداکارہ قرار پائی۔ رواں برس ان کی کمائی کا بڑا حصہ فلم The Prom سے آیا، جسے آئندہ ماہ ریلیز کرنے کے اعلانات کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اداکارہ رواں برس نشر ہونے والے ٹیلی ویژن پروگرام The Undoing سے بھی اچھی خاصی کمائی کر رہی ہیں، انہیں ایک قسط کا ایک ملین ڈالر دیا جا رہا ہے۔

ایلن پومپؤ: 2017ء سے مسلسل مہنگی ترین اداکاراؤں میں شامل رہنے والی امریکی اداکارہ و پروڈیوسر ایلن پومپؤ نے2020 ء کے دوران شوبز انڈسٹری سے 19 ملین ڈالر بٹورے۔ اس کمائی میں بڑا حصہ ان کی معروف ٹیلی ویژن سیریز Grey's Anatomy کا ہے، یہ ٹی وی پروگرام 2005ء سے آج تک چل رہا ہے اور اس کی 365 اقساط نشر کی جا چکی ہیں۔ اداکارہ نے صرف اس ایک پروگرام سے 5 لاکھ 50 ہزار ڈالر کمائی کی۔ اس کے علاوہ مختلف پروگرامز کی مشاورت کے حوالے سے انہیں 6 ملین ڈالر حاصل ہوئے۔

الزبتھ ماس: دوران کیرئیر درجنوں اعزازات کی حق دار ٹھہرنے والی امریکی اداکارہ و پروڈیوسر الزبتھ ماس رواں برس 16 ملین ڈالر کمائی کے ساتھ فوربس کی فہرست میں نویں نمبر پر براجمان ہیں۔ اداکارہ کی اس کمائی میں بڑا حصہ 2017ء سے اب تک ایم جی ایم ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے سیریز The Handmaid's Tale سے حاصل ہونے والی آمدن رہی۔ ماس کو اس سیریز کی ہر قسط کا معاوضہ ایک ملین ڈالر ملتا ہے۔ اس کے علاوہ رواں برس کے آغاز یعنی 27 فروری کو ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم The Invisible Man سے بھی انہیں اچھی خاصی آمدن ہوئی۔

وائلا ڈیوس: فوربس کی فہرست میں پہلی بار جگہ بنانے والی 55 سالہ امریکی اداکارہ و پروڈیوسر وائلا ڈیوس کی سالِ رواں کمائی 15 ملین ڈالر رہی۔ وائلا وہ پہلی افریقی نژاد امریکی اداکارہ ہیں، جنہیں Triple Crown of Acting(اکیڈمی، ایمی اور ٹونی ایوارڈ) کا اعزاز حاصل ہوا۔ رواں برس ان کی کمائی میں بڑا حصہ نیٹ فلیکس کی فلم سیریز How to Get Away with Murder سے ملنے والے معاوضے کا ہے۔ اس سیریز کا ابھی تک آخری سیزن ستمبر 2019ء میں شروع ہوا اور آخری قسط 14مئی 2020ء میں نشر کی گئی۔
Load Next Story