مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم کے دوران سب سے زیادہ پیسے خرچ کئے الیکشن کمیشن

مسلم لیگ(ن) نےعام انتخابات میں 56 کروڑ روپے خرچ کئےاب اس کے اکاؤنٹس میں 8 کروڑ 87 لاکھ روپے موجود ہیں، الیکشن کمیشن

پیپلزپارٹی دوسری اور متحدہ قومی موومنٹ تیسری امیر ترین سیاسی جماعت ہے، الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین اسمبلی کے بعد سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جاری کر دی جس کے تحت مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم کے دوران سب سے زیادہ پیسے خرچ کئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کی جانے والی سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق عوام سے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والی جماعت مسلم لیگ (ن) نے 11 مئی کے عام انتخابات میں 56 کروڑ روپے کےاخراجات کئے جب کہ اس وقت اس کے پاس 8 کروڑ 87 لاکھ روپے موجود ہیں۔


دوسری جانب اپوزیشن کی سب سے بڑی اور سابق حکمران جماعت پیپلزپارٹی دوسری امیرترین جماعت ہے جس نے عام انتخابات کے دوران 23 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کیے اور اب اس کے کھاتوں میں 19 کروڑ باقی ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے اثاثے بھی کروڑوں میں ہیں جن کی مالیت 10 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی پارٹی جمعیت علما اسلام (ف) 11 لاکھ 24 ہزار روپے کی مالک ہےجب کہ جماعت اسلامی کے پاس 41 لاکھ اور شیخ رشید احمد کی عوامی مسلم لیگ کے پاس ایک لاکھ 13 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پارلیمنٹ میں موجود جماعت مسلم لیگ ضیاء الحق کے اثاثے سب سے کم ہیں جو 23 ہزار روپے ہیں جب کہ تحریک انصاف نے پارٹی اثاثے جمع ہی نہیں کرائے۔
Load Next Story