جج ارشد ملک جاتے جاتے نوازشریف سے معافی مانگ کر ضمیر کا بوجھ ہلکا کرگئے مریم نواز

جج ارشد ملک نے بتایا کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کے لیے بلیک میل کیا، نائب صدر (ن) لیگ

جج ارشد ملک نے بتایا کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کے لیے بلیک میل کیا، نائب صدر (ن) لیگ . فوٹو : فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے اور وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کرگئے۔

(ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ، جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے، اللہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کرگئے اور بتا گئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کے لیے بلیک میل کرکے استعمال کیا۔



یہ بھی پڑھیں :نوازشریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کا کورونا سے انتقال

مریم نواز نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ اللہ ارشد ملک صاحب کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے، یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہے جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار اور طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں، مجھے ایسے لوگوں کے انجام سے ڈر لگتا ہے، اللہ ظالم کے ساتھ نہیں، ظالم برباد ہو کر رہے گا، یہ اللہ کا نظام ہے۔




مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے سوال کیا کہ ارشد ملک اپنے اعتراف اور انکشافات کے ڈیڑھ سال بعد فوت ہوئے، ڈیڑھ سال میں نوازشریف کو انصاف نا ملنے کا ذمہ دار کون ہے؟ جس کیس میں نوازشریف کو اشتہاری دلانے کی جلدی تھی اس کیس کی سزا سنانے والے جج کے اعتراف پر کوئی ایک دن بھی سماعت کیوں نہیں ہوئی؟



واضح رہے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا تھا۔

6 جولائی 2019 کو مریم نوازایک ویڈیو سامنے لائی تھیں جس کے بعد سپریم کورٹ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ارشد ملک کو احتساب عدالت کے جج کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
Load Next Story