شہر قائد میں سردی کے بڑھنے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بعد اب گیس کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے جس سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعت کاروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کراچی میں بجلی کے ستائے شہریوں کو گیس کی لوڈشیڈنگ کی مصیبت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور متاثرہ علاقوں میں صدر، اولڈ سٹی ایریا، لیاری، ڈی ایچ اے فیز فائیو، گرومندر، گارڈن، جہانگیر روڈ، پی ای سی ایچ ایس، لانڈھی، کورنگی ناظم آباد، نارتھ کراچی، ملیر، ماڈل کالونی اور دیگر علاقے شامل ہیں، ان علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات میں گیس کے پریشر میں کمی کے باعث خواتین کو کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب سوئی سدرن کی جانب سے صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی میں کمی کردی گئی ہے جس پر صنعتکاروں نے صنعتیں بند کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے، چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن یونس بشیر کا کہنا ہے کہ گیس بحران پر صنعتکاروں کا آئندہ ہفتے جنرل باڈی کا غیر معمولی اجلاس بلالیا ہے جس میں سوئی سدرن گیس کے دفتر کا گھیراؤ یا دھرنے کی تجویز رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صنعتی علاقے کو ہفتے میں 2 سے 3 دن گیس فراہم کی جارہی ہے حالانکہ ہمیں ہفتے میں 6 دن گیس کی سپلائی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔