نیب کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں بلیک لسٹ کراؤں گا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

نیب کی عزت نہ عدلیہ میں ہے اور نہ ہی کسی اور ادارے کے سامنے، سلیم مانڈوی والا


ویب ڈیسک December 06, 2020
نیب کو ہر جگہ نے نقاب کریں گے ان کے ملازمین کی ڈگریاں چیک کرائیں گے، سلیم مانڈی والا۔ فوٹو:فائل

KARACHI: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا کا کہنا ہے کہ میں نیب کو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں بلیک لسٹ کراؤں گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا کا کہنا تھا کہ نیب نے دو دن پہلے نیا بیانیہ جاری کردیا اور پہلے والے بیانیہ سے ہٹ گیا ہے، لوگ نیب پر ہنس رہے ہیں اور یہ ادارہ بدنام ہورہا ہے، اب اس ادارے کی عزت نہ عدلیہ میں ہے اور نہ ہی کسی اور ادارے کے سامنے۔

سلیم مانڈی والا کا کہنا تھا کہ نیب جس کو مرضی گرفتار کرے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں نے وزیراعظم کو نیب سے متعلق خط لکھا ہے، آرمی چیف کو بھی خط بھیجوں گا، نیب کو ہر جگہ نے نقاب کریں گے، نیب ملازمین کی ڈگریاں چیک کرائیں گے، یہ بے نامی کام کرتے ہیں، اب نیب اور میری جنگ نہیں بلکہ نیب اور پورے پاکستان کی جنگ ہے، نیب کو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں بلیک لسٹ کراؤں گا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ لوگوں نے مجھے کالز کیں کہ آپ نیب کے خلاف جہاد کررہے ہیں، سینیٹ اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن تیار کرلی ہے، ہر حال میں اجلاس بلائیں گے، متاثرین کو سنیٹ میں بلائیں گے، ہم نیب کی طرح چھپے کمرے میں تحقیقات نہیں کریں گے، متاثرین نیب سے سلوک سب کے سامنے سنیٹ کمیٹیوں میں بتائیں گے، سنیٹ نیب کے ذرائع آمدن چیک کرے گا، نیب کا احتساب ہوگا، میں تمام سفرا اور ممبران پارلیمان سے ملاقات کروں گا، حکومت و اپوزیشن کے ساتھ ملکر نیب کی طاقت میں کمی کے لیے قانون سازی کی کوشش کروں گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔