اپوزیشن 8 دسمبر کو فیصلے کرے اور استعفے دیدے شاہ محمود قریشی

اپوزیشن اپنے مفاد کے لیے انسانی جانوں سے کھیل رہی ہے، وزیر خارجہ

اپوزیشن اپنے مفاد کے لیے انسانی جانوں سے کھیل رہی ہے، وزیر خارجہ۔ فوٹو: فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن 8 دسمبر کو فیصلے کرے اور استعفے دیدے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اپوزیشن اپنے مفاد کے لیے انسانی جانوں سے کھیل رہی ہے، اندازوں کے مطابق جنوری میں کورونا وبا مزید بڑھ سکتا ہے لہذا اپوزیشن کو ایسی صورتحال میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔


وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنی چاہیے، ہم ان کو جلسوں سے نہیں روکیں گے، ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ ہے لہذا سیاسی قیادت کو عوام کا تحفظ کرنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اجلاس میں کہا تھا اپوزیشن کو نہ روکیں، مشورہ دیں جب کہ وبا تسلیم کرکے جلسے کرنا اپوزیشن کا دہرا معیار ہے، اپوزیشن 8 دسمبر کو فیصلے کرے اور استعفے دیدے، یہ وقتی الائنس ہے اور ان میں کوئی نظریاتی ہم آہنگی نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام وبا کی دوسری لہر میں اور ایس او پیز پر عمل نہیں کررہے، کورونا کی دوسری لہر بہت خطرناک ہے، حالات غیرمعمولی ہیں، کورونا ایس اوپیز پر عمل نہیں کریں گے تو سب متاثر ہوں گے لہذا غیرضروری سرگرمیوں کو موخر کر دیا جائے۔
Load Next Story