آرمینیائی وزیراعظم کیخلاف مظاہرے استعفے کا مطالبہ اور سول نافرمانی کی دھمکی

اپوزیشن جماعت نے معاہدے کو شکست قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نکول پشینیان کو ملک سے غداری کا مرتکب قرار دیدیا


ویب ڈیسک December 06, 2020
آذربائیجان سے جنگ میں شکست پر آرمینیائی قوم غم وغصے میں ہے، فوٹو : رائٹرز

آذربائیجان سے شکست تسلیم کرکے معاہدہ کرنے پر اپوزیشن نے آرمینیائی وزیراعظم نکول پاشینیان کو غدار قرار دیکر سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی دھمکی دیدی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آرمینیا کے وزیراعظم کو آذربائیجان سے معاہدہ کرنے پر شدید عوامی دباؤ کا سامنا ہے۔ ملک بھر میں جاری احتجاجی مظاہروں میں اپوزیشن جماعت نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا اور بصورت دیگر سول نافرمانی کی دھمکی دی ہے۔

وزیراعظم نکول پاشینیان فی الحال اپوزیشن کے مظاہروں کو اہمیت نہیں دے رہے ہیں تاہم انہوں نے عوام سے صبر سے کام لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ ہماری جیت کی طرف پہلا قدم ہے۔ اس کے دور رس نتائج آرمینیا کے حق میں ہوں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : آرمینیا کے ہتھیار ڈالنے پر آذربائیجان میں جشن، نگورنو کاراباخ میں روسی فوج تعینات

متنازعہ علاقے نگورنو کاراباخ پر آرمینیا اور آزربائیجان کے درمیان 6 ہفتوں تک جاری رہنے والی جنگ روس کی مداخلت کے بعد ختم ہوئی تھی جس کے لیے فریقین کے درمیان معاہدہ طے پایا جس کے تحت آرمینیا کو تمام علاقے آذربائیجان کے حوالے کرنے تھے۔

یہ خبر پڑھیں : روس کی میزبانی میں آرمینیا اور آذربائیجان مذاکرات کامیاب، جنگ بندی کا اعلان

آذربائیجان نے امن معاہدے کو اپنی فتح قرار دیا تھا اور آذریوں نے بھرپور جشن منایا تھا جب کہ صدر الہام علییف نے تو معاہدے کو نہ صرف میدان جنگ بلکہ سیاسی طور پر بھی فتح قرار دیا تھا جب کہ آرمینیائی عوام نے معاہدے کو شکست تصور کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔