معروف عالم دین مفتی زرولی خان انتقال کرگئے

مرحوم کی نماز جنازہ منگل کو صبح گیارہ بجے جامعہ احسن العلوم سے متصل گروانڈ میں ادا کی جائے گی

مولانا مفتی زرولی خان کی تدفین جامعہ احسن آباد میں قائم مدرسے کے احاطے میں کی جائے گی(فوٹو، فائل)

جامعہ احسن العلوم کراچی کے مہتمم معروف عالم دین مفتی زر ولی خان انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق مرحوم کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ مفتی زرولی خان کی نماز جنازہ منگل کو صبح گیارہ بجے جامعہ احسن العلوم سے متصل گروانڈ سردارعلی صابری روڈ گلشن اقبال بلاک 2 میں ادا کی جائے گی اور ان کی تدفین احسن آباد میں واقع مدرسہ کے احاطے میں ہوگی۔

مولانا زرولی پوری زندگی درس وتدریس کے شعبہ سے وابستہ رہے،کئی کتب کے مصنف ،ہزاروں علما کے استاذ، درس تفسیر وحدیث میں منفرد مقام حاصل تھا۔ مرحوم ضلع صوابی کے قصبہ جہانگیرہ میں 1953 میں پیدا ہوئے، جامع علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن گرومندر سے سند فراغت حاصل کی، مولانا یوسف بنوری ؒ، مولانا عبداللہ کاکاخیل جیسے جید علما ان کے ساتذہ میں شامل ہیں۔


انہوں نے 1978 میں گلشن اقبال کراچی میں احسن العلوم کے نام سے مدرسہ قائم کیا۔ پوری زندگی درس وتدریس کے شعبہ سے وابستہ رہے۔ ان سے درس تفسیر پڑھنے کےلئے پورے ملک کے علما طلبہ ہر سال جامعہ احسن العلوم کا رخ کرتے تھے کئی کتابوں کے مصنف اور بہترین خطیب تھے۔

مفتی زرولی خان کے انتقال پر جمعیت علماء اسلام اورپی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، دارالعلوم کراچی کے مولانا مفتی رفیع عثمانی، جسٹس ریٹائرڈ مفتی تقی عثمانی، جامعہ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کے ڈاکٹرعبدالرزاق اسکندر اور دیگرعلمائے کرام دینی اورمذہبی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

علاوہ ازیں پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال، صدر انیس قائمخانی سیکریٹری جنرل حسان صابر، پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان، اے این پی سندھ کے صدرشاہی سید سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی معروف عالم دین مولانا زرولی خان کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
Load Next Story