مکان میں گیس کے پراسرار دھماکے سے ماں اور بیٹا جھلس گئے

کمرہ کئی روزسے بندہونے پرگیس جمع ہوئی،بجلی کے پلگ میں شارٹ سے کھڑکی کے پردے نے آگ پکڑی اوردھماکاہوگیا


Staff Reporter December 08, 2020
ملیر کے مکان میں شمع اورانکابیٹاحسین جھلسے ،زخمی جناح اسپتال منتقل،بم ڈسپوزل اسکواڈنے مکان کوجانچ کے بعدکلیئرکردیا۔ فوٹو: فائل

ملیر محبت نگر شیش محل چوک کے قریب مکان میں پراسرار دھماکے کے باعث ماں اور بیٹا جھلس کر زخمی ہوگئے۔

ملیرسٹی تھانے کی حدود محبت نگر شیش محل چوک کے قریب مکان میں پراسراردھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی دھماکے کے باعث مکان میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں مکان میں موجود ماں بیٹا جھلس کر زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی خاتون کی شناخت 52 سالہ شمع زوجہ شبیر احمد (مرحوم ) اور بیٹے کی شناخت28 سالہ حسین کے نام سے کرلی گئی، دھماکے کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔

ایس ایچ او ملیر سٹی وسیم احمد نے بتایا کہ مکان میں دھماکا شارٹ سرکٹ اور کمرے میں گیس بھرنے کے باعث ہوا انھوں نے بتایا کہ مکان کے جس کمرے میں دھماکا ہوا وہاں بجلی کے پلگ میں شارٹ سرکٹ ہوا تھا اور پلگ کے ساتھ ہی کھڑکی پر نائیلون کا پردہ موجود تھا جس نے آگ پکڑلی اور کمرہ کئی روز سے بعد ہونے کے باعث وہاں گیس جمع ہوگئی تھی اوراچانک دھماکا ہو گیا۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکے کے باعث کمرے میں موجود فرنیچر اور دیگر سامان جل گیا جبکہ کمرے کی دیوار میں بھی دراڑیں پڑگئیں انھوں نے بتایا کہ دھماکے میں خاتون زیادہ جھلس کر زخمی ہوئی ہیں جبکہ بیٹا معمولی زخمی ہے خاتون کے زخمی بیٹے کا ذہنی توازن بھی درست نہیں ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے مکان کو کلیئر قراردے دیا ہے مکان میں شارٹ سرکٹ اور گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا تھا ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں