منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اشتہاری قرار

احتساب عدالت کا ریفرنس کے تینوں گواہوں پر جرح کرنے کا حکم


ویب ڈیسک December 08, 2020
احتساب عدالت کا ریفرنس کے تینوں گواہوں پر جرح کرنے کا حکم

احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا۔

احتساب عدالت لاہور میں شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ریفرنس کے تینوں گواہوں پر جرح کرنے کا حکم بھی دیا۔

شہبازشریف نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ تینوں ادوار میں نے کوئی تنخواہ نہیں لی اور ایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں کی۔ جج جواد الحسن نے کہا کہ آپ کی بہتر ترجمانی مریم اورنگزیب کر سکتی ہیں، آپ کم بولیں تو اچھا ہے یہاں سب کچھ نوٹ ہوتا ہے۔

اس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد ہوچکی ہے اور آج نیب کو اپنے گواہ پیش کرنے کا حُکم دیا گیا تھا۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی مصروفیت کے باعث کیس کی سماعت میں کچھ دیر کے لیے وقفہ کردیا گیا ہے۔

نیب لاہور کے مطابق شہباز شریف کے خلاف اسٹیٹ بینک کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر انکوائری شروع کی، 1990 میں ان کے اثاثوں کی مالیت 21 لاکھ تھی اور 1998 میں ان کے اور ان کی اولاد کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 8 لاکھ ہوگئی، شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں نے 2008 سے 2018 تک 9 کاروباری یونٹس قائم کیے۔

2018 میں شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں کی مالیت بے نامی کھاتے داروں ، فرنٹ مین کی وجہ سے 6 ارب کے قریب پہنچ گئی، شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ نے کرپشن کرکے 7 ارب سے زائد کے اثاثے بنا لیے ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائی کورٹ حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت مسترد کر چکا ہےاور سلمان شہباز اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔

شہباز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں نے اپنے فرنٹ مین ، ملازمین اور منی چینجرز کے ذریعے 9 انڈسٹریل یونٹس سے 10 برس میں اربوں کے اثاثے بنائے جبکہ متعدد بے نامی اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں