نوازشریف کی پی ڈی ایم ارکان اسمبلی کے استعفے فضل الرحمان کو جمع کرانے کی تجویز

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تجویز دی گئی کہ اسمبلیوں سے استعفے لانگ مارچ کے بعد دیے جائیں، ذرائع

نئے سال کے آغاز میں ہی اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ پر تبادلہ خیال فوٹو: فائل

اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو استعفے جمع کروانے کی تجویز دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے ذرائع کے مطابق نوازشریف نے تجویز کیا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنے ارکان کے استعفے پی ڈی ایم کے سربراہ کے پاس جمع کروادیں۔ لانگ مارچ کے بعد مولانا فضل الرحمان استعفے مناسب وقت پر اسپیکر کو پیش کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام جماعتوں کی جانب سے نوازشریف کی تجویز کی مکمل حمایت کی گئی ہے۔


واضح رہے کہ اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس جاری ہے، سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مولانا فضل الرحمان کی جانب سے جیل بھرو تحریک چلانے کی تجویز دی گئی، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تجویز دی گئی کہ اسمبلیوں سے استعفے لانگ مارچ کے بعد دیے جائیں اور مناسب وقت پر اس آپشن کا استعمال کیا جائے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے بارہا یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ جنوری میں تحریک انصاف کی حکومت کو جانا ہوگا جب کہ حکومت کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا جاتا رہا ہے کہ دھرنوں اور احتجاج سے حکومت نہیں جانے والی، وزیر اعظم عمران خان آئینی مدت پورے کریں گے۔
Load Next Story